گوگل نے امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) اور سائبر سیکیورٹی فرم ‘لومین’ کے ساتھ مل کر دنیا کے ایک بڑے رہائشی پراکسی نیٹ ورک ’نیٹ نٹ‘کو نشانہ بناتے ہوئے ہیکرز کے بڑے مالویئر آپریشن کو ناکام بنا دیا ہے۔
اس مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں ہیکرز کی جانب سے دنیا بھر میں ہائی جیک کیے گئے 20 لاکھ سے زائد اسمارٹ ٹی وی، ہوم اسٹریمنگ ڈیوائسز اور انٹرنیٹ سے منسلک دیگر آلات کا نیٹ ورک مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل کا بڑا انکشاف، ہیکرز کا اے آئی کے ذریعے ’خفیہ ترین‘ سائبر حملے کا منصوبہ ناکام
گوگل کی بنیادی کمپنی ’الفابیٹ‘ کے مطابق ’پوپا‘کے نام سے بھی معروف اس نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان تمام اکاؤنٹس اور سروسز کو بلاک کردیا گیا ہے جو مالویئر کو کنٹرول کرنے اور انٹرنیٹ ٹریفک کو خفیہ طور پر آگے بڑھانے کے لیے استعمال ہورہی تھیں۔
اس کے علاوہ گوگل نے اس گروپ کے بنیادی انفراسٹرکچر سے متعلق اہم تکنیکی معلومات قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر صنعتی شراکت داروں کے ساتھ بھی شیئر کی ہیں تاکہ ان کے خلاف وسیع پیمانے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
سائبر ماہرین کے مطابق رہائشی پراکسی نیٹ ورکس صارفین کے اصل انٹرنیٹ پروٹوکول ایڈریسز کو چھپانے اور ٹریفک کا رخ موڑنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
اگرچہ ان کا استعمال قانونی مقاصد کے لیے بھی ہوتا ہے، لیکن ہیکرز اکثر سائبر جرائم اور سیکیورٹی اداروں کو چکمہ دینے کے لیے ان کا غلط استعمال کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہیکرز صرف ایک تصویر سے پورے ونڈو سسٹم کو کیسے ہیک کررہے ہیں؟
گوگل نے اپنے بلاگ میں اس کامیابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے، ’ہمیں یقین ہے کہ ہماری اس مشترکہ اور مربوط کارروائی سے ‘نیٹ نٹ’ کے پراکسی نیٹ ورک اور اس کے کاروباری آپریشنز کو شدید نقصان پہنچا ہے، اور پراکسی آپریٹرز کے پاس موجود لاکھوں آلات کا ڈیٹا اب ان کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔‘
واضح رہے کہ نیٹ نٹ کی بنیاد 2017 میں رکھی گئی تھی اور یہ اسرائیل کی ایک سائبر سیکیورٹی فرم ‘الارم ٹیکنالوجیز’ کی ذیلی کمپنی کے طور پر کام کررہی تھی۔ یہ دنیا کے سب سے بڑے تجارتی ’ریزیشڈنشل پراکسی‘ نیٹ ورکس میں سے ایک تھا، جسے ہیکرز نے سائبر حملوں کو ایندھن دینے کے لیے بڑے پیمانے پر ہائی جیک کررکھا تھا۔














