امریکا میں ڈاک خدمات فراہم کرنے والے ادارے نے خطوط، پوسٹ کارڈز اور بعض پارسل بھیجنے کے نرخوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ نئے ٹیرف کا اطلاق اتوار سے ہوگا۔
نئے نرخوں کے تحت فرسٹ کلاس فار ایور ڈاک ٹکٹ کی قیمت 78 سینٹ سے بڑھا کر 82 سینٹ کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ملک کے اندر بھیجے جانے والے پوسٹ کارڈ کی قیمت 65 سینٹ جبکہ بین الاقوامی پوسٹ کارڈ کی قیمت ایک ڈالر 75 سینٹ مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں مہنگائی 3 سال کی بلند ترین سطح پر، شرح سود برقرار رکھنے کا امکان
ادارے نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ترجیحی ڈاک سروس کے ذریعے خطرناک مواد بھیجنے پر 7 ڈالر 50 سینٹ کی اضافی ہینڈلنگ فیس وصول کی جائے گی۔
ادارے کے مطابق اسے شدید مالی دباؤ اور مسلسل بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات کا سامنا ہے، اسی لیے دستیاب قانونی اختیارات کے تحت نرخوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ ملک بھر میں ڈاک کی فراہمی کی خدمات بلا تعطل جاری رکھی جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ پر امریکا کے 29 ارب ڈالر خرچ، ٹرمپ کے بیانات سے نئی بحث چھڑ گئی
بیان میں کہا گیا ہے کہ بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث ادارے کے لیے اپنے مالی وسائل پر انحصار برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے، اس لیے قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا۔ تاہم ادارے کا دعویٰ ہے کہ ان اضافوں کے باوجود امریکا میں ڈاک خدمات کی قیمتیں دنیا کے کئی دیگر ممالک کے مقابلے میں اب بھی نسبتاً کم ہیں۔














