ورلڈ کپ 2026: رونالڈو، نیمار اور صلاح سمیت 5 عظیم ستاروں کا عالمی کپ کو الوداع

جمعرات 9 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیفا ورلڈ کپ 2026 کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، تاہم ٹورنامنٹ کے ساتھ ہی عالمی فٹبال کے کئی عظیم نام بھی بین الاقوامی منظرنامے سے رخصت ہوگئے۔

 کرسٹیانو رونالڈو، نیمار جونیئر، محمد صلاح، کاسیمیرو اور جیمز روڈریگز نے اپنے ممکنہ آخری ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد عالمی اسٹیج کو الوداع کہا، جس سے فٹبال کے ایک یادگار دور کا اختتام ہوگیا۔

ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی ٹیموں کے ساتھ فٹبال کی 5 نامور شخصیات بھی عالمی کپ کو الوداع کہہ گئیں، جن میں پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو، مصر کے محمد صلاح، برازیل کے نیمار جونیئر اور کاسیمیرو، جبکہ کولمبیا کے جیمز روڈریگز شامل ہیں۔

رونالڈو کا شاندار اختتام

پرتگال کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے آخری میچ سے قبل ہی اشارہ دیا تھا کہ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں کھیلا جانے والا یہ ورلڈ کپ ان کے کیریئر کا آخری عالمی کپ ہوگا۔

رونالڈو نے کہا ’میں پوری دیانت داری سے کہتا ہوں کہ کل جو بھی نتیجہ آئے، میں مطمئن ہوں کیونکہ زندگی اور فٹبال میں نے اپنی صلاحیتوں سے بڑھ کر سب کچھ دیا ہے۔‘

اپنے آخری ورلڈ کپ میں رونالڈو نے ازبکستان کے خلاف 2 گول کرکے مسلسل 6 ورلڈ کپ میں گول کرنے والے پہلے فٹبالر بننے کا منفرد اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

نیمار کا خاموش اختتام

برازیل کے اسٹار فارورڈ نیمار جونیئر اس ورلڈ کپ میں اپنی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی نہ دکھا سکے۔ وینیسیئس جونیئر اور رافینیا کی موجودگی میں انہیں ٹیم میں مستقل جگہ بنانے میں مشکلات کا سامنا رہا۔

بارسلونا کے سابق اسٹار نے ناروے کے خلاف اپنے آخری بین الاقوامی میچ میں ایک گول کیا، تاہم شکست کے بعد بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

نیمار نے جذباتی انداز میں کہا ’ میں نے بھرپور کوشش کی، لیکن اب یہ سفر ختم ہوگیا۔ جہاں سے آغاز ہوا تھا، وہیں اس کا اختتام بھی ہوگیا۔‘

صلاح بھی ورلڈ کپ سے رخصت

مصر کے کپتان اور لیورپول کے اسٹار محمد صلاح بھی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے، جب متنازع مقابلے میں ارجنٹائن نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے مصر کو شکست دے دی۔

صلاح اپنے معیار کے مطابق کارکردگی نہ دکھا سکے اور 5 میچوں میں صرف ایک گول کرنے کے ساتھ 2 گول بنانے میں معاونت (اسسٹ) فراہم کی۔

کاسیمیرو کی بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ

برازیل کے تجربہ کار مڈفیلڈر کاسیمیرو نے بھی قومی ٹیم کے راؤنڈ آف 16 سے باہر ہونے کے بعد بین الاقوامی فٹبال کو خیرباد کہنے کا اعلان کردیا۔

5 مرتبہ یوئیفا چیمپئنز لیگ جیتنے والے کاسیمیرو نے رواں سال مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ اپنا معاہدہ مکمل کیا۔ وہ 2023 میں کاراباؤ کپ اور 2024 میں ایف اے کپ جیتنے والی ٹیم کا بھی اہم حصہ رہے۔

جیمز روڈریگز کا یادگار سفر ختم

کولمبیا کے مایہ ناز مڈفیلڈر اور ورلڈ کپ 2014 کے گولڈن بوٹ فاتح جیمز روڈریگز بھی عالمی کپ کو الوداع کہہ گئے۔ کولمبیا کو پری کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ نے پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔

جیمز روڈریگز نے 2014 کے ورلڈ کپ میں غیرمعمولی کارکردگی دکھا کر دنیا بھر کی توجہ حاصل کی تھی، جس کے بعد انہوں نے ریال میڈرڈ میں شمولیت اختیار کی۔ اگرچہ کلب کی سطح پر ان کا سفر توقعات کے مطابق کامیاب نہ رہا، تاہم 2014 کے عالمی کپ میں ان کی شاندار کارکردگی آج بھی ورلڈ کپ کی تاریخ کی یادگار انفرادی پرفارمنسز میں شمار کی جاتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp