ایشیائی ترقیاتی بینک نے رواں مالی سال کے لیے پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح کا تخمینہ 3.7 فیصد پر برقرار رکھتے ہوئے مہنگائی کی شرح 8.3 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جو حکومت کے تخمینے سے معمولی زیادہ ہے۔
بینک کی جانب سے جاری کردہ ‘ایشیائی معاشی جائزہ، جولائی 2026’ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں پاکستان کی معیشت 3.7 فیصد کی رفتار سے ترقی کرتی رہی، جس میں صنعت اور خدمات کے شعبوں نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ زرعی شعبے میں بھی معمولی بہتری دیکھی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال میں توانائی کی بڑھتی ہوئی لاگت اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر پر دباؤ کے باعث معاشی ترقی کی رفتار 3.7 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ اس سے قبل اپریل 2026 میں بینک نے پاکستان کے لیے 4.5 فیصد ترقی کی پیش گوئی کی تھی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے مہنگائی کے تخمینے پر بھی نظرثانی کرتے ہوئے گزشتہ مالی سال کے لیے اسے 7.2 فیصد اور رواں مالی سال کے لیے 8.3 فیصد تک بڑھا دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق خوراک اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے اثرات کے باعث مہنگائی کا دباؤ برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔
حکومت نے رواں مالی سال کے لیے مجموعی قومی پیداوار میں 4 فیصد اضافے اور مہنگائی کی شرح 8.2 فیصد رہنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کی معاشی ترقی 3.5 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 3 اہم معاہدوں پر دستخط
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ہی نہیں بلکہ ایشیا اور بحرالکاہل کے بیشتر ترقی پذیر ممالک کو بھی کم معاشی نمو اور زیادہ مہنگائی کا سامنا ہے۔ اسی وجہ سے خطے کی مجموعی ترقی کی شرح 2026 کے لیے کم کرکے 4.9 فیصد کردی گئی ہے، جبکہ 2027 میں یہ 5.1 فیصد رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی توانائی کی منڈیوں، کھاد، دیگر اشیائے ضروریہ اور رسد کے نظام پر دباؤ برقرار ہے، جس سے خطے میں مہنگائی اور معاشی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
بینک نے خبردار کیا ہے کہ اگر جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا، عالمی مالیاتی حالات مزید سخت ہوئے یا توانائی کی قیمتیں بلند رہیں تو خطے کی معیشت کو مزید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔














