سعودی عرب: مغربی تبوک کے پہاڑ سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئے

ہفتہ 11 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کے تبوک ریجن کے مغربی پہاڑ اپنی بلند چوٹیوں، قدرتی چٹانی ساخت، سرخ ریت کے وسیع ٹیلوں اور دلکش مناظر کی بدولت ملکی و غیر ملکی سیاحوں، فوٹوگرافرز اور مہم جو افراد کے لیے ایک نمایاں سیاحتی مقام بن گئے ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق تبوک کے مغربی پہاڑ اپنی منفرد ارضیاتی خصوصیات اور قدرتی حسن کے باعث تیزی سے مقبول سیاحتی مقام کی حیثیت اختیار کر رہے ہیں۔ ہزاروں برس کے قدرتی عوامل سے تراشے گئے بلند و بالا چٹانی ستون، عظیم الشان چٹانیں اور مختلف رنگوں پر مشتمل پہاڑی سلسلے اس علاقے کو منفرد شناخت دیتے ہیں۔

پہاڑوں کے درمیان بل کھاتے راستے، گہری وادیاں اور سرخ ریت کے وسیع ٹیلے قدرتی حسن میں مزید اضافہ کرتے ہیں، جبکہ یہ مناظر طلوع اور غروبِ آفتاب کے وقت خاص طور پر دل موہ لینے والے بن جاتے ہیں۔ سورج کی روشنی کے بدلتے زاویوں کے ساتھ پہاڑوں اور ریت کے رنگ تبدیل ہوتے دکھائی دیتے ہیں، جس سے علاقے میں نہایت دلکش اور نایاب ارضیاتی مناظر جنم لیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب: عسیر میں پائیدار کافی کی کاشت کا بڑا منصوبہ، 2028 تک 10 لاکھ نئے درخت لگانے کا ہدف

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مغربی تبوک کے یہ پہاڑی سلسلے خطے کی قدرتی اور ماحولیاتی دولت کی عکاسی کرتے ہیں اور مقامی سطح پر ماحولیاتی سیاحت (ایکو ٹورازم) اور ایڈونچر ٹورازم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ تبوک ریجن کے قدرتی مقامات نہ صرف سیاحوں کو منفرد تجربات فراہم کر رہے ہیں بلکہ علاقے کے ماحولیاتی ورثے کو بھی اجاگر کر رہے ہیں، جس سے مقامی معیشت اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp