وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ 51ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس آئندہ ماہ ربیع الاول کے دوران شایانِ شان انداز میں منعقد کی جائے گی۔
سیرت کانفرنس میں ملک بھر کے ممتاز علماء کرام، مذہبی شخصیات، اسکالرز اور مختلف ممالک سے آنے والے مندوبین شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر مذہبی امور کی اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی سے ملاقات، بین المذاہب ہم آہنگی پر تعاون بڑھانے پر اتفاق
وفاقی وزیر کی زیر صدارت 51ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اہم جائزہ اجلاس میں کانفرنس کے انتظامات اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد نئی نسل کو اسلامی تعلیمات اور سیرتِ طیبہ ﷺ کے آفاقی پیغام سے روشناس کرانا اور عالمی سطح پر سیرت النبی ﷺ کے فروغ کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کو اس سال اس اہم اور بابرکت کانفرنس کے انعقاد کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کانفرنس کے تمام انتظامات بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ اس بین الاقوامی مذہبی اجتماع کا انعقاد بھرپور انداز میں ممکن بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: وزارت مذہبی امور نے گزشتہ سال کے نجی حجاج سے فیڈ بیک طلب کر لیا
انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں ملک اور بیرون ملک سے نامور علماء، مذہبی رہنما، اسکالرز اور مندوبین کی شرکت متوقع ہے، جس سے سیرت النبی ﷺ کے پیغامِ امن، اخوت اور رواداری کو عالمی سطح پر مزید فروغ ملے گا۔
اجلاس میں وزارت مذہبی امور کے ایڈیشنل سیکریٹری مرزا علی محسود سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی اور کانفرنس کے انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
دریں اثنا، وفاقی وزیر نے حج 2027 کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسے مزید مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے تاکہ عازمین حج کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے لاہور حاجی کیمپ کی تعمیراتی سرگرمیوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی، جبکہ اسلام آباد حاجی کیمپ میں قائم قرآن ری سائیکلنگ پلانٹ کو فوری طور پر مکمل فعال بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے قرآنی اوراق کی تلفی احترام اور شرعی تقاضوں کے مطابق یقینی بنائی جائے۔














