آزاد کشمیر انتخابات: ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ، تمام ادارے کردار ادا کریں، چیف الیکشن کمشنر

منگل 14 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد، پولنگ کے روز امن و امان کے قیام اور موومنٹ اسکیم کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منگل کو منعقد ہوا، جس میں انتخابات کے شفاف، آزادانہ اور پرامن انعقاد کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں سینیئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن، ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی، سیکریٹری الیکشن کمیشن راجا محمد شکیل خان، کمشنر مظفرآباد ڈویژن بدر منیر، ڈپٹی کمشنرز مظفرآباد، نیلم ویلی اور جہلم ویلی، سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس مظفرآباد، سپرنٹنڈنٹ پولیس نیلم، سپرنٹنڈنٹ پولیس جہلم ویلی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے 27 جولائی 2026 کو ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں، انتخابی امیدواروں اور الیکشن ایجنٹس کے لیے جاری کردہ ضابطۂ اخلاق پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر تمام ریٹرننگ افسران اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ ضابطۂ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں، جبکہ مانیٹرنگ ٹیمیں خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ مجاز افسر کو رپورٹ ارسال کریں، جو ضابطے کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھجوائیں گے۔

پولنگ اسٹیشنز پر سخت سیکیورٹی تعینات کرنے کا فیصلہ

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ انتخابات کو صاف، شفاف، آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ بنانے کے لیے پولنگ کے روز تمام پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان برقرار رکھنے کی غرض سے مناسب سکیورٹی فورسز تعینات کی جائیں تاکہ ووٹرز پرامن ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

موومنٹ اسکیم مؤثر بنانے کے لیے خصوصی ہدایات

اجلاس میں موومنٹ اسکیم کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ انتخابی سامان کی ترسیل، واپسی اور بالخصوص انتخابی نتائج کی بروقت وصولی کے لیے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ نتائج مقررہ وقت پر متعلقہ ریٹرننگ افسران تک پہنچ سکیں اور وہاں سے الیکشن کمیشن کے کنٹرول روم کو ارسال کیے جا سکیں۔

اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ موومنٹ اسکیم مرتب کرتے وقت ایک ہی روٹ پر ایک سے زیادہ اسمبلی پوائنٹس قائم کیے جائیں اور ہر اسمبلی پوائنٹ کے ساتھ 5 سے 6 پولنگ اسٹیشن منسلک ہوں تاکہ کم سے کم گاڑیوں کے ذریعے زیادہ مؤثر انداز میں انتخابی عمل مکمل کیا جا سکے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ یہی گاڑیاں پولنگ سے قبل انتخابی سامان اور عملے کو پولنگ اسٹیشنز تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ پولنگ کے اختتام پر انتخابی عملہ، بیگز، بیلٹ باکسز اور دیگر انتخابی مواد کو بحفاظت واپس لانے کے لیے بھی استعمال ہوں گی۔

اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ موومنٹ اسکیم کے لیے مختص فنڈز میں انتخابی عملہ، انتخابی سامان، بیلٹ باکسز اور انتخابی نتائج کی ترسیل و واپسی کے تمام اخراجات شامل ہیں۔ اس مقصد کے لیے ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو متعلقہ حلقوں کی ضرورت کے مطابق مناسب فنڈز فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ گاڑیاں کرائے پر حاصل کر سکیں اور انتخابی عمل بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔

شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے لیے تمام ادارے کردار ادا کریں، چیف الیکشن کمشنر

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہاکہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کو آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ بنانے کے لیے الیکشن کمیشن تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری ذمہ داری اور مؤثر انداز میں انجام دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ: اسلام آباد تینوں ممالک کے پرچموں اور برقی قمقموں سے جگمگا اٹھا

حکومت کا بجلی کی 3 بڑی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ

جماعت اسلامی نے 9 اگست کا احتجاج مؤخر کردیا، پیٹرولیم لیوی کے خلاف دھرنوں کی نئی تاریخ کا اعلان

اوپن اے آئی کے نئے ماڈل ’ایسٹرا‘ میں خطرناک سیکیورٹی خدشات کا انکشاف، ڈیولپنگ کام عارضی معطل

میر رضا علی کیس: پولیس تفتیش کے بجائے خاندان کو ہراساں کررہی ہے، وکیل نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا

ویڈیو

کشمیری پاکستان کے مالک ہیں، مسلم لیگ (ن) کو دو تہائی اکثریت دلائیں گے، رانا ثنا اللہ کا ضلع باغ میں جلسہ عام سے خطاب

وزیراعظم شہباز شریف مدینہ منورہ سے روانہ، مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بعد مسجد نبویؐ میں حاضری

پی ٹی آئی اسلام آباد مارچ کے اعلان پر خیبر پختونخوا کے اراکین کیا کہتے ہیں؟

کالم / تجزیہ

پرانی کتابوں کا اتوار بازار

اپنی زندگی کے ایڈیٹر بنیں، رائٹر نہیں

گلا سڑا نظام اور وزیر داخلہ کی تقریر