فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں فتح کے بعد ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کی جانب سے سیاسی نوعیت کا بینر لہرانے کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اس اقدام نے برطانیہ میں شدید ردعمل پیدا کیا ہے کیونکہ یہ معاملہ فاک لینڈز (مالویناس) جزائر کی متنازع خودمختاری سے متعلق ہے۔
بدھ کو اٹلانٹا میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں شاندار کم بیک فتح کے بعد ارجنٹائن کے ڈیفنڈر لیسانڈرو مارٹینیز اور متبادل کھلاڑی جیوانی لو سیلسو نے جشن کے دوران ایک بینر اٹھایا، جس پر ہسپانوی زبان میں لکھا تھا کہ فاک لینڈز ارجنٹائن کا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میسی کی شاندار قیادت، ارجنٹینا نے ڈرامائی فتح کے ساتھ فائنل کا ٹکٹ حاصل کر لیا
کھلاڑیوں کی اس حرکت کے بعد برطانوی حکام نے فیفا سے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا، جس پر فیفا نے تصدیق کی کہ معاملے کا جائزہ لینے کے لیے باضابطہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔
فیفا کے ترجمان نے بتایا کہ ادارے کی آزاد ڈسپلنری کمیٹی میچ رپورٹوں اور متعلقہ حالات کا جائزہ لے رہی ہے اور فیفا کے ضابطہ اخلاق کے تحت ممکنہ کارروائی پر غور کیا جا رہا ہے۔
فیفا کے قواعد کے مطابق اسٹیڈیم میں کسی بھی سیاسی، نظریاتی، مذہبی یا توہین آمیز پیغام کی نمائش ممنوع ہے۔
🇬🇧🇦🇷 Downing Street has called for FIFA to investigate Argentina after players displayed a “Las Malvinas son Argentinas” banner following their 2-1 World Cup semi-final victory over England.
FIFA bans political messaging at matches and fined Argentina 30,000 Swiss francs for… pic.twitter.com/rfX22290AL
— Europa.com (@europa) July 16, 2026
خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جو عموماً 5 ہزار سے 20 ہزار امریکی ڈالر تک ہوتا ہے۔
ارجنٹائن اتوار کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں اسپین کے خلاف ورلڈ کپ فائنل کھیل کر اپنے عالمی ٹائٹل کا دفاع کرے گا۔
برطانیہ کا سخت ردعمل
برطانوی وزیر برائے کاروبار پیٹر کائل نے اس واقعے کو فیفا قوانین کی ’سنگین خلاف ورزی‘ قرار دیتے ہوئے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
برطانوی وزیراعظم کے دفتر ڈاؤننگ اسٹریٹ کے ترجمان نے کہا کہ ورلڈ کپ شاید ہمارا نہ ہو، لیکن فاک لینڈ جزائر یقیناً ہمارے ہیں۔
’جزائر کے عوام کو حقِ خود ارادیت حاصل ہے اور فاک لینڈز کے لیے ہماری وابستگی غیر متزلزل رہے گی۔‘
مزید پڑھیں: جب پاکستان ہاکی نے ارجنٹائن کو عالمی فٹبال کپ جتوایا
فاک لینڈ جزائر جنوبی بحر اوقیانوس میں واقع برطانوی زیر انتظام علاقہ ہیں، تاہم ارجنٹائن ان پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے۔
1982 میں دونوں ممالک کے درمیان فاک لینڈ جنگ لڑی گئی تھی، جس میں 649 ارجنٹائنی اور 255 برطانوی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
ارجنٹائن کا مؤقف
ارجنٹائن کے صدر حاویئر میلی نے کھلاڑیوں کے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے اسے ’بالکل جائز‘ قرار دیا، کیونکہ یہ پیغام پورے ارجنٹائنی عوام کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔
البتہ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ فیفا ممکنہ طور پر ٹیم پر جرمانہ عائد کر سکتا ہے۔ ’کھلاڑی جذبات میں آ کر ایسا کرتے ہیں، اس لیے اگر جرمانہ ہوتا ہے تو اس پر بحث ضرور ہوگی، لیکن ان کے جذبات قابلِ فہم ہیں۔‘
دوسری جانب ارجنٹائن کی نائب صدر وکٹوریہ ویلاروئل نے سیمی فائنل سے قبل انگلینڈ کو ’قابض قزاق‘ قرار دے کر تنازع کو مزید ہوا دی تھی۔
Argentina could face a FIFA investigation over a banner displayed after its World Cup semifinal victory over England.
ㅤ
The banner said "The Falkland Islands are Argentine." The islands have been at the center of a decades-long dispute between Argentina and the United Kingdom,… pic.twitter.com/W1PKJ4npPl— Complex (@Complex) July 16, 2026
سیمی فائنل جیتنے کے فوراً بعد ارجنٹائن کے وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ بیونس آئرس نے فاک لینڈز کے قریب برطانوی جنگی جہاز ایچ ایم ایس میڈوے کی موجودگی کے خلاف باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرا دیا ہے۔
ارجنٹائنی حکام کا مؤقف ہے کہ برطانوی جہاز نے مناسب اطلاع کے بغیر ان کے سمندری علاقے سے گزر کر دوطرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
ماضی میں عائد کردہ جرمانے
یہ پہلا موقع نہیں کہ فاک لینڈز کے حوالے سے ارجنٹائن کو فیفا کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہو۔
2014 کے ورلڈ کپ سے قبل بھی ارجنٹائنی کھلاڑیوں نے اسی نعرے کے ساتھ بینر آویزاں کیا تھا، جس پر بعد میں ارجنٹائن فٹبال فیڈریشن کو 30 ہزار سوئس فرانک جرمانہ کیا گیا تھا۔
اسی طرح 2012 اولمپکس میں جاپان کے خلاف میچ کے بعد متنازع علاقائی دعوے سے متعلق بینر اٹھانے پر جنوبی کوریا کے فٹبالر پارک جونگ وو پر 2 بین الاقوامی میچوں کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: ارجنٹائن کے عالمی کپ فاتح لیونل میسی کے 900 گول، فٹ بال کی نئی تاریخ رقم
2022 کے ورلڈ کپ میں بھی سربیا کی فٹبال فیڈریشن کو کوسووو سے متعلق سیاسی بینر آویزاں کرنے پر 20 ہزار سوئس فرانک جرمانہ کیا گیا تھا۔
فیفا کی جاری تحقیقات کے نتیجے میں ارجنٹائنی کھلاڑیوں یا ارجنٹائن فٹبال فیڈریشن کے خلاف جرمانے سمیت تادیبی کارروائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم حتمی فیصلہ فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی کی رپورٹ کے بعد سامنے آئے گا۔














