کراچی بندرگاہ پر پہلی رورو شپمنٹ، 2 ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیوں کی آمد

جمعہ 17 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری کی خصوصی کوششوں اور مانیٹرنگ کے باعث پاکستان کی بحری تجارت میں ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ملک کی پہلی رورو (Ro-Ro) شپمنٹ کے ذریعے 2 ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیاں کراچی پہنچ گئی ہیں، جسے ملکی تاریخ کا ایک بڑا سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

وزارتِ بحری امور کے مطابق، الیکٹرک گاڑیوں سے لدا ہوا مخصوص بحری جہاز ‘ایم وی گرینڈے شنگھائی’ کراچی پورٹ کے کے جی ٹی ایم ایل ٹرمینل پر کامیابی سے لنگرانداز ہو گیا ہے۔

اس تاریخی موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ رورو (Ro-Ro) جہاز کے ذریعے پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد پاکستان کی بحری اور تجارتی تاریخ میں ایک انقلابی قدم ہے۔ کراچی پورٹ پر پہلی رورو ای وی شپمنٹ کا پہنچنا ہماری بحری تجارت کی ترقی اور جدید خطوط پر استواری کی واضح دلیل ہے۔

انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ رورو (Roll-on/Roll-off) ایسے جدید ترین بحری جہاز ہوتے ہیں جن پر گاڑیوں کو روایتی کرینوں کے ذریعے اٹھانے کے بجائے ریمپ کی مدد سے براہِ راست چلا کر لوڈ اور ان لوڈ کیا جاتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی سے نہ صرف وقت کی بڑی بچت ہوتی ہے بلکہ قیمتی گاڑیوں کے محفوظ ترین طریقے سے بندرگاہ پر اترنے کی ضمانت بھی ملتی ہے۔

وفاقی وزیر نے عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت بندرگاہوں کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان جدید سفارتی و تجارتی کوششوں سے پاکستان کی مجموعی تجارتی صلاحیت مزید مستحکم ہوگی اور کراچی پورٹ دنیا بھر کے جدید ترین شپنگ نیٹ ورک کا اہم مرکز بن کر ابھرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp