چین میں بارشوں سے پہاڑی تودہ گر گیا، 8 افراد ہلاک، 34 لاپتا

ہفتہ 18 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنوب مغربی چین کی چونگ چنگ (Chongqing) میونسپلٹی میں شدید بارشوں کے باعث پہاڑی تودہ گرنے سے کم از کم 8 افراد ہلاک جبکہ 34 لاپتا ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق 10 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور لاپتا افراد کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

مقامی حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ جمعہ کی صبح 9 بج کر 8 منٹ پر چونگ چنگ کے پینگ شوئی میاؤ اور توجیا خودمختار کاؤنٹی کے ہان جیا سب ڈسٹرکٹ میں دریائے ووجیانگ (Wujiang River) کے کنارے پیش آیا، جہاں شدید بارشوں کے نتیجے میں پہاڑ کا بڑا حصہ سرک گیا۔

مزید پڑھیں:پاکستان سے چین کو گدھے کے گوشت کی برآمد کا باقاعدہ آغاز، پہلی کھیپ تیانجن بندرگاہ پہنچ گئی

حادثے کے باعث 10 سے زائد رہائشی عمارتیں ملبے تلے دب گئیں، جبکہ متعدد افراد پھنس گئے یا لاپتا ہوگئے۔

چین کی وزارتِ ایمرجنسی مینجمنٹ نے صورتحال کے پیش نظر ارضیاتی آفات کے لیے لیول ٹو (Level-II) قومی ہنگامی ردعمل نافذ کر دیا ہے۔ وزارت کے ایک اعلیٰ عہدیدار کی سربراہی میں خصوصی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے تاکہ امدادی اور ریسکیو سرگرمیوں کی نگرانی کی جا سکے۔

سرکاری انجینئرنگ ریسکیو فورس چائنا اینینگ کنسٹرکشن گروپ نے 110 ماہر امدادی اہلکار، جن میں انجینئرز اور ارضیات کے ماہرین بھی شامل ہیں، متاثرہ علاقے روانہ کیے ہیں۔ اس کے علاوہ جدید تلاش و بچاؤ کے لیے 50 خصوصی مشینیں اور آلات بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب چونگ چنگ فائر بریگیڈ نے 8 مختلف فائر فائٹنگ یونٹس سے تعلق رکھنے والے 400 سے زائد تربیت یافتہ ریسکیو اہلکار، مواصلاتی ٹیمیں اور طبی عملہ بھی امدادی کارروائیوں میں شریک کر دیا ہے۔

مزید پڑھیں:چترال میں گھر پر برف کا تودہ گرنے سے 9 مکین جاں بحق

حکام کے مطابق ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کرنے کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں، تاہم بارش اور زمین کے مزید سرکنے کے خدشات کے باعث آپریشن کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp