سام سنگ نے امریکا میں ملازمین کی چھانٹی کردی، نیو جرسی اور ٹیکساس کے دفاتر متاثر

اتوار 19 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سام سنگ الیکٹرانکس نے امریکا میں ڈسپلے، موبائل فون اور دیگر صارفین کے لیے الیکٹرانک مصنوعات سے متعلق شعبوں میں ملازمتوں میں کمی کردی ہے، جس سے زیادہ تر نیو جرسی اور ٹیکساس میں کام کرنے والے ملازمین متاثر ہوئے ہیں۔

دستاویزات اور معاملے سے واقف 2 افراد کے مطابق جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی نے یہ اقدام اپنے امریکی ہیڈکوارٹر کو ٹیکساس منتقل کرنے کے منصوبے کے تحت کیا ہے۔

مزید پڑھیں: کیا سام سنگ کے نئے فولڈ ایبل فون کا سب سے بڑا راز اسپائیڈر مین نے فاش کر دیا؟

سام سنگ نے رائٹرز کو بتایا کہ سام سنگ الیکٹرانکس امریکا کے نیو جرسی کے علاقے اینگل ووڈ کلفس میں 739 عہدے ہیڈکوارٹر کی ٹیکساس منتقلی کے منصوبے سے متاثر ہوئے ہیں۔

سام سنگ الیکٹرانکس امریکا صارفین کی الیکٹرانک مصنوعات پر توجہ مرکوز کرتا ہے اور اس میں سیمی کنڈکٹر یا چپ کا شعبہ شامل نہیں ہے۔

کمپنی کے مطابق متاثرہ افراد کی اکثریت کو ٹیکساس منتقل ہونے کی پیشکش کی گئی ہے، تاہم بعض ملازمین کو ملازمت سے فارغ بھی کیا گیا ہے۔ کمپنی نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

سام سنگ کے پلانو، ٹیکساس دفتر میں موبائل ڈویژن کے عملے سمیت تقریباً 100 ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے۔ یہ بات ملازمت سے فارغ کیے جانے والے ایک شخص نے بتائی۔

ذرائع نے معاملے کی حساسیت کے باعث اپنی شناخت ظاہر کرنے سے انکار کیا۔

صارفین کی مصنوعات کے شعبوں کو مشکلات

اگرچہ ملازمتوں میں کمی کا تعلق ہیڈکوارٹر کی منتقلی سے ہے، تاہم یہ اقدام جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی کے مختلف شعبوں کی متضاد کارکردگی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔

کمپنی کا چپ ڈویژن ریکارڈ منافع کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ چپس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث صارفین کے لیے الیکٹرانک مصنوعات کے شعبے مشکلات کا شکار ہیں۔

سام سنگ الیکٹرانکس امریکا کا ہیڈکوارٹر منتقل کرنے کا فیصلہ اس لیے بھی اہم ہے کہ نیو جرسی میں کام کرنے والے ملازمین ایک سال سے بھی کم عرصہ قبل بڑے پیمانے پر تشہیر کے ساتھ نئے دفاتر میں منتقل ہوئے تھے۔

امریکی رکنِ کانگریس جوش گوٹہائمر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سام سنگ الیکٹرانکس امریکا کے نیو جرسی میں قریباً 1200 ملازمین کام کرتے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال ستمبر میں نئے دفاتر کے افتتاح کی تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔

سام سنگ الیکٹرانکس امریکا میں ملازمتوں سے برطرفیوں کی درست تعداد معلوم نہیں ہو سکی، تاہم رائٹرز کی جانب سے دیکھی گئی دستاویزات کے مطابق کمپنی نے 30 جون کو بعض ملازمین کو ادارے کی سطح پر افرادی قوت میں کمی سے آگاہ کیا تھا۔

دستاویزات میں کہا گیا کہ اس فیصلے سے ملازمین کی ایک نمایاں تعداد متاثر ہوگی۔

رائٹرز کی جانب سے دیکھی گئی لنکڈ اِن پوسٹس سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران 30 سے زیادہ ملازمین نے کمپنی چھوڑنے یا ملازمت سے نکالے جانے کی اطلاع دی۔

ان میں ٹیکساس اور نیو جرسی میں کام کرنے والے سینیئر سیلز اور مارکیٹنگ حکام کے علاوہ امریکا کے دیگر مقامات پر تعینات چند ملازمین بھی شامل تھے۔

سام سنگ الیکٹرانکس امریکا میں ملازمتوں میں کمی کی یہ تفصیلات اس سے قبل سامنے نہیں آئی تھیں۔

سام سنگ نے اپنے بیان میں کہاکہ ہیڈکوارٹر کی منتقلی سے افرادی قوت کے ڈھانچے میں تبدیلی آ سکتی ہے، جن میں وہ ملازمین شامل ہیں جو ٹیکساس منتقل نہیں ہو سکتے یا ایسے شعبے جنہیں کاروباری ترجیحات کے مطابق بہتر بنایا جا رہا ہے۔

چپ ڈویژن کا منافع بڑھنے کا امکان

سام سنگ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے باعث چپس کی طلب میں اضافے سے دوسری سہ ماہی کا منافع 19 گنا بڑھ سکتا ہے۔

کمپنی نے گزشتہ ماہ نئی چپ فیکٹریوں میں سیکڑوں ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب موبائل ڈویژن کو پہلی مرتبہ نقصان کا سامنا ہونے کا امکان ہے کیونکہ اسے ایپل کی جانب سے سخت مسابقت کا سامنا ہے۔

چینی کمپنیاں ٹی سی ایل اور ہائی سینس بھی ٹیلی ویژن اور گھریلو برقی مصنوعات کے شعبے میں سام سنگ کو سخت مقابلہ دے رہی ہیں۔

مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیزی کے باعث چپس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے سام سنگ کی تمام صارفین سے متعلق الیکٹرانک مصنوعات کی آمدنی کو متاثر کیا ہے۔

سام سنگ کی جانب سے ملازمتوں میں کمی عالمی کمپنیوں مائیکروسافٹ، ایمیزون اور میٹا کے اقدامات سے مماثلت رکھتی ہے، جنہوں نے مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے پر اخراجات بڑھاتے ہوئے ملازمین کو فارغ کیا ہے۔

سام سنگ بھی ٹیسلا، اوریکل اور دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں کی طرح اپنا ہیڈکوارٹر یا اہم کاروباری سرگرمیاں ٹیکساس منتقل کرنے والی کمپنیوں میں شامل ہو گئی ہے۔

ٹیکساس کم ٹیکس اور کاروبار دوست قوانین کے باعث کمپنیوں کے لیے اہم مقام سمجھا جاتا ہے۔ ریاست میں پہلے ہی سام سنگ کی چپ فیکٹریاں اور پلانو میں موبائل مرکز موجود ہے۔

مزید ملازمتوں میں کمی کا خدشہ

سام سنگ کے ملازمین کو خدشہ ہے کہ حالیہ برطرفیوں کے بعد مزید ملازمتیں ختم کی جا سکتی ہیں اور کمپنی کے گھریلو برقی مصنوعات، ہوم انٹرٹینمنٹ اور موبائل ڈویژنز کو یکجا کیا جا سکتا ہے۔

سام سنگ الیکٹرانکس امریکا کے ایک موجودہ ملازم کے مطابق کمپنی اپنے وسائل چپ کے شعبے پر مرکوز کر رہی ہے۔

تاہم سام سنگ نے اپنے بیان میں کہا کہ صارفین کی مصنوعات کے کاروبار میں اس وقت کسی وسیع عالمی تنظیم نو کا عمل جاری نہیں ہے۔

کمپنی کے مطابق ہیڈکوارٹر کی منتقلی کا مقصد بڑھتے ہوئے ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ماحول میں مزید ٹیموں کو ایک جگہ جمع کرکے باہمی تعاون کو مضبوط اور تنظیم کو بہتر بنانا ہے۔

2025 کے اختتام تک سام سنگ الیکٹرانکس کے امریکا میں 11 ہزار 770 ملازمین تھے، جن میں چپ ڈویژن کے ملازمین بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: کیا ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ افراد کو دفتری اوقات کے بعد بھی مصنوعی ذہانت سیکھنی چاہیے؟

سام سنگ کی آئی ٹی سروسز سے متعلق ذیلی کمپنی سام سنگ ایس ڈی ایس امریکا نے نیو جرسی کے ریج فیلڈ پارک میں 179 عہدے ختم ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

ریاستی قوانین کے تحت جون میں جاری کیے گئے نوٹس میں ان ممکنہ تبدیلیوں کی اطلاع دی گئی تھی۔

سام سنگ کا کہنا ہے کہ یہ افرادی قوت کی تبدیلیاں سام سنگ ایس ڈی ایس کے شمالی امریکا کے ہیڈکوارٹر کی منتقلی کے باعث ہیں اور ان کا ملازمتوں سے برطرفیوں یا تنظیم نو سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

فیفا ورلڈ کپ، اسپین نے فاتح بن کر 50، ارجنٹائن نے 33 ملین ڈالر انعامی رقم حاصل کر لی

فیفا ورلڈ کپ: روڈری نے گولڈن بال، کیوبارسی بہترین نوجوان کھلاڑی اور سیمون گولڈن گلووز کے فاتح

فرانس کے کائیلین ایمباپے نے لیونل میسی کو پیچھے چھوڑ دیا، دوسری بار گولڈن بوٹ کے حقدار ٹھہرے

فیفا ورلڈ کپ 2026: فیرا توریس کا شاندار فیلڈ گول، اسپین عالمی چیمپیئن بن گیا، ارجنٹائن کا خواب چکنا چور

فیفا ورلڈ کپ فائنل، ارجنٹینا کے اینزو فرینڈیز کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان بدر کردیا گیا

ویڈیو

اردن میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد واشنگٹن کی ایران پر شدید بمباری، تہران کا انتقام کا اعلان، خطے میں کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ گئی

’محدود بجٹ میڈیا انڈسٹری کے لیے بڑا چیلنج بن گیا‘

نہال ہاشمی سے عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کی ملاقات، جدید باکسنگ اکیڈمی کے قیام کی خواہش کا اظہار

کالم / تجزیہ

ایک اور تحریک وکلا: ہماری توبہ، ہمیں معاف رکھیں

گیری سوبرز: ایک بے بدل کرکٹر کو الوداع

فیفا کے سنہرے جوتوں کی الف لیلیٰ