اسحاق ڈار کا ایشیائی ترقیاتی بینک کا دورہ، ایم ایل ون منصوبے پر عملدرآمد تیز کرنے کی درخواست

بدھ 22 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منیلا میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے ہیڈکوارٹرز میں بینک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کے دوران مین لائن ون ریلوے منصوبے پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس منصوبے کے لیے اے ڈی بی کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے اے ڈی بی کے نائب صدر جنوبی، وسطی اورمغربی ایشیا ینگ منگ یانگ، نائب صدر سیکٹرز اینڈ تھیمز فاطمہ یاسمین، مختلف ڈائریکٹر جنرلز، دیگر حکام اور پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نشیطہ محسن سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں:  وزیر خارجہ اسحاق ڈار آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے فلپائن پہنچ گئے

ملاقات میں پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 6 دہائیوں پر محیط شراکت داری کا اعادہ کیا گیا اور انفراسٹرکچر، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی استعداد، علاقائی روابط اور پائیدار اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے لیے اے ڈی بی کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان قریبی تعاون کا تسلسل ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے۔

انہوں نے ایم ایل ون ریلوے منصوبے کو حکومت پاکستان اور وزیراعظم شہباز شریف کا ایک اہم اور ترجیحی انفراسٹرکچر منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے لیے قرض فراہم کرنے والے کنسورشیم کی قیادت میں اے ڈی بی کا کردار انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے منصوبے کی منظوری اور عملدرآمد کے مراحل کو تیز کرنے کی بھی درخواست کی۔

مزید پڑھیں: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹیو جان لی سے ملاقات

اس موقع پر اے ڈی بی کے نائب صدور نے پاکستان کے ساتھ ایم ایل ون منصوبے پر قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کے ریلوے نظام کی جدیدکاری، علاقائی روابط کے فروغ اور پائیدار اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، فلپائن میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر عاصمہ ربانی اور دونوں جانب کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک کے بدلتے ہوئے ترقیاتی ایجنڈے، پاکستان کے ساتھ ادارے کی شراکت داری اور مختلف شعبوں و خطوں میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی ماہرین کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستانی پیشہ ور افراد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی قیادت، مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف اے ڈی بی کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں بلکہ پاکستان کا نام بھی روشن کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور روس میں تجارت، توانائی اور رابطہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسحاق ڈار نے نشیطہ محسن کو ایشیائی ترقیاتی بینک میں پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کی کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان ترقیاتی تعاون، شراکت داری اور باہمی روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کی عکاس ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp