پاکستان کے تعمیری کردار کو عمان کا خراج تحسین، علاقائی امن کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق

جمعرات 23 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور عمان نے مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے اور قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان ریجنل فورم کے موقع پر عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا عمان سے پاکستان پروازیں دوبارہ بحال کرنے کا اعلان

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذکورہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تعاون کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ سطح کے روابط، تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے، عوامی روابط، کاروباری شعبوں کے درمیان تعاون اور کثیرالجہتی فورمز پر مسلسل رابطہ کاری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے خطے اور عالمی سطح پر تازہ ترین پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا، عمان کے وزیر خارجہ نے خطے میں مکالمے، کشیدگی میں کمی اور امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔

مزید پڑھیں: عمان پر حالیہ حملوں کے بعد پاکستان کا اظہارِ یکجہتی، سفارت کاری کی بحالی پر زور

دونوں رہنماؤں نے خطے میں حالیہ پیشرفت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی برقرار رکھنے، بین الاقوامی قانون کے احترام اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور عمان کے وزرائے خارجہ نے باہمی رابطے برقرار رکھنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp