جاپان کے مالی تعاون سے سندھ کے دیہی علاقوں میں لڑکیوں کے 20 پرائمری اسکولوں کو ایلیمنٹری اسکولز میں اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا جس کے افتتاح اور حوالگی کی تقریب کراچی کے گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول رادھو جوکھیو، یوسی گڈاپ میں منعقد ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان جاپان اقتصادی شراکت داری کی نئی جہت، صنعتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
تقریب میں پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی، سندھ کے وزیرِ تعلیم و خواندگی سید سردار علی شاہ، محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی سندھ کے حکام، جائیکا پاکستان کے چیف نمائندے شینوزاکی یوسوکے، اساتذہ، طلبہ، والدین اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔
اس منصوبے کے تحت جاپان کی حکومت نے ایک ارب 68 کروڑ 60 لاکھ جاپانی ین کی گرانٹ فراہم کی جس کے ذریعے سندھ کے دیہی علاقوں میں قائم لڑکیوں کے 20 پرائمری اسکولوں کو ایلیمنٹری اسکولز میں تبدیل کیا گیا۔
منصوبے کے تحت 60 نئے اور توسیع شدہ کلاس رومز تعمیر کیے گئے، جس سے طالبات کے لیے زیادہ محفوظ، بہتر اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم ہوا۔ ان اپ گریڈ کیے گئے اسکولوں سے ہر سال تقریباً 2,400 طالبات مستفید ہوں گی جو اب اپنے ہی علاقوں میں ایلیمنٹری سطح تک تعلیم جاری رکھ سکیں گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے پاکستان کے تعلیمی شعبے، خصوصاً پسماندہ علاقوں میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے جاپان کے عزم کا اعادہ کیا۔
مزید پڑھیے: جاپان کا خیبر پختونخوا میں تباہی سے بچاؤ کے لیے تعلیمی منصوبہ، 427 ملین ین گرانٹ کا معاہدہ
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہتر تعلیمی سہولتوں کی فراہمی سے مزید لڑکیاں تعلیم حاصل کرنے کی جانب راغب ہوں گی اور مستقبل میں اپنی برادریوں کی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں گی۔
جائیکا پاکستان کے چیف نمائندے شینوزاکی یوسوکے نے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر حکومتِ سندھ، منصوبے سے وابستہ ٹیم، مقامی کمیونٹی اور تمام شراکت داروں کے تعاون کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ اپ گریڈ کیے گئے اسکول طالبات کو بہتر تعلیمی سہولتیں اور سیکھنے کے لیے زیادہ سازگار ماحول فراہم کریں گے جس سے ان کی تعلیمی اور ذاتی ترقی میں مدد ملے گی۔
مزید پڑھیں: جاپان اور یو این ڈی پی کا ضم شدہ اضلاع میں گورننس اور خدمات کے فروغ کے لیے منصوبے کا آغاز
تقریب میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ جاپان اور جائیکا مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھتے ہوئے تعلیم کے ذریعے جامع اور پائیدار ترقی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔














