وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کرتے ہوئے 10 جدید الیکٹرک بسیں مظفرآباد کے لیے روانہ کردی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے عوام کا دیرینہ خواب پورا ہونے کے قریب، تاریخ میں پہلی بار الیکٹرک بسیں چلیں گی
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر 10 الیکٹرک بسیں مری پہنچ چکی ہیں، جہاں سے انہیں آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد منتقل کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق چند گھنٹوں میں یہ الیکٹرک بسیں مظفرآباد میں عوام کو سفری سہولتیں فراہم کرنا شروع کر دیں گی۔
اسلام آباد سے جدید الیکٹرک بسوں کا قافلہ آزاد کشمیر کی جانب روانہ ہوا۔ بسوں پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی تصویر کے ساتھ ’آزاد کشمیر کے لیے تحفہ‘ درج ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ الیکٹرک بسیں آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے لیے اہلِ پنجاب کا تحفہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بسوں کے ساتھ تربیت یافتہ عملہ اور ڈرائیور بھی مظفرآباد پہنچ رہے ہیں تاکہ جدید ٹرانسپورٹ سروس کو مؤثر انداز میں چلایا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب سے 15 ’کلینک آن ویلز‘ آزاد کشمیر روانہ
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں الیکٹرک بس سسٹم کے تحت خواتین، طلبہ اور بزرگ شہریوں کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، اور وہ چاہتی ہیں کہ آزاد جموں و کشمیر کے شہری بھی انہی جدید اور معیاری سفری سہولتوں سے مستفید ہوں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے لاکھوں شہری روزانہ الیکٹرک بس سروس استعمال کر رہے ہیں اور آزاد جموں و کشمیر میں بھی اس جدید، ماحول دوست اور آرام دہ ٹرانسپورٹ نظام سے عوام کو بہتر سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کردیا گیا ہے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کا وزیراعظم شہباز شریف سے انوکھی ’خواہش‘ کا اظہار
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے آزاد جموں و کشمیر میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ’کلینک آن ویلز‘ منصوبے کی 15 موبائل طبی گاڑیاں بھی ادویات، طبی آلات اور میڈیکل اسٹاف سمیت روانہ کی تھیں۔













