بالی ووڈ سپر اسٹار ایشوریہ رائے بچن اور ابھیشیک بچن کی نیویارک میں لی گئی مشترکہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد دونوں کی ازدواجی زندگی سے متعلق جاری افواہوں پر ایک بار پھر بحث چھڑ گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصویر میں ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن نیویارک میں ایک مداح کے ساتھ سیلفی بنواتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق یہ تصویر شام کی سیر کے دوران لی گئی جب دونوں ایک ساتھ وقت گزار رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: “ایشوریہ رائے سے شادی کر کے نیک بچے نہیں پیدا ہوں گے” سابق کرکٹر عبدالرزاق نے ایسا کیوں کہا؟
یہ تصویر ایسے وقت سامنے آئی ہے جب گزشتہ کئی ماہ سے دونوں اداکاروں کی علیحدگی اور طلاق سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں تاہم ابھی تک نہ ایشوریا رائے اور نہ ہی ابھیشیک بچن نے ان خبروں کی تصدیق یا تردید کی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھیشیک بچن اس وقت شاہ رخ خان کی آنے والی ایکشن فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں نیویارک میں موجود ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں جبکہ ابھیشیک اس میں مرکزی منفی کردار ادا کریں گے۔ ایشوریہ رائے بھی شوٹنگ کے دوران ان کے ہمراہ نیویارک میں موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’میرا بوائے فرینڈ نہیں رہا، یہ کام کیسے کر سکتی ہوں‘، ایشوریہ رائے کا عامر خان کے ساتھ اشتہار سے انکار
دونوں اداکار اپریل 2007 میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور اپنی نجی زندگی کو ہمیشہ میڈیا کی نظروں سے دور رکھنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ تاہم حالیہ مہینوں میں ان کی ازدواجی زندگی سے متعلق افواہوں نے خاصی توجہ حاصل کی جس کے باعث ان کی تصویر اور عوامی موجودگی سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن جاتی ہے۔
نیویارک سے سامنے آنے والی حالیہ تصویر پر بھی مداح مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ اس تصویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں اب بھی ایک ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ ایشوریا رائے بچن کو آخری بار رواں سال کانز فلم فیسٹیول 2026 میں ریڈ کارپٹ پر دیکھا گیا تھا جبکہ اس کے بعد وہ محدود عوامی تقریبات اور ایئرپورٹ پر ہی نظر آئی ہیں۔














