مشرقی بحرالکاہل میں 2 سال بعد پہلی مرتبہ جنیویو نامی سمندری طوفان نے کیٹیگری 5 کی شدت اختیار کرلی ہے۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق یہ طوفان پیر کی صبح انتہائی طاقتور مرحلے میں داخل ہوا، تاہم فی الحال اس کے خشکی سے ٹکرانے کا امکان نہیں ہے۔
میامی میں قائم قومی سمندری طوفان مرکز کے مطابق جنیویو کی زیادہ سے زیادہ مسلسل ہواؤں کی رفتار 160 میل فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ طوفان اس وقت میکسیکو کے ساحل کے متوازی سمندر میں آگے بڑھ رہا ہے اور اندازہ ہے کہ یہ خشکی سے دور ہی رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ میں سمندری طوفان کی تباہ کاریاں، ہزاروں افراد کی نقل مکانی، ریڈ الرٹ جاری
رپورٹ کے مطابق طوفان کا مرکز میکسیکو کے شہر مانزانیلو سے تقریباً 530 میل جنوب مغرب میں واقع تھا اور یہ 13 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا تھا۔ جنیویو، 2024 میں آنے والے کرسٹی کے بعد مشرقی بحرالکاہل کا پہلا کیٹیگری 5 سمندری طوفان بن گیا ہے۔
تاحال کسی ساحلی علاقے کے لیے کوئی وارننگ یا نگرانی کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ طوفان سے پیدا ہونے والی بلند سمندری لہریں جنوب مغربی میکسیکو اور باجا کیلیفورنیا کے جزیرہ نما میں خطرناک ساحلی لہروں اور شدید سمندری ریلوں کا سبب بن سکتی ہیں، جو انسانی جانوں کے لیے خطرہ ثابت ہوسکتی ہیں۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل سے اس طوفان کی شدت میں بتدریج کمی آنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں آنے والے سمندری طوفان اور دل کی بیماریوں کے درمیان کیا تعلق ہے؟ تحقیق میں ہوشربا انکشاف
دوسری جانب بحرالکاہل کے شمال مغربی حصے میں موجود فاؤستو نامی سمندری طوفان کمزور ہو کر کیٹیگری 1 میں تبدیل ہو گیا ہے اور ہوائی جزائر کی سمت بڑھ رہا ہے۔
اگرچہ فاؤستو کی شدت کم ہو چکی ہے، لیکن محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ یہ اب بھی ہوائی کے بعض علاقوں کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ اس وقت اس کی زیادہ سے زیادہ مسلسل ہواؤں کی رفتار 80 میل فی گھنٹہ ہے اور یہ ہیلو شہر سے تقریباً 670 میل مشرق میں موجود ہے۔












