جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کی جنرل کونسل نے کثرتِ رائے سے ڈاکٹر محمد مشتاق خان کو مسلسل دوسری بار امیر منتخب کر لیا۔ نومنتخب امیر 2026 سے 2029 تک کے سیشن کے لیے جماعتی قیادت سنبھالیں گے۔
جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کی جنرل کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں امیر کے چناؤ کے لیے اراکین کی خفیہ ووٹنگ کےذریعے انتخابی عمل مکمل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:’کشمیر کی جلتی وادی میں بہتے ہوئے خون کا شور سنو‘
سیکرٹری الیکشن کمیٹی قاضی شاہد حمید ایڈووکیٹ نے ڈاکٹر محمد مشتاق خان کی کامیابی کا باضابطہ اعلان کیا۔ جنرل کونسل کے ارکان نے کثرتِ رائے سے ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دوبارہ جماعت کا سربراہ منتخب کیا۔
نومنتخب امیر کا اظہارِ تشکر
اپنی کامیابی پر ردعمل دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کارکنان کے اعتماد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ جماعتی مشن کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ ان کی قیادت میں جماعت کے نظریاتی و تنظیمی اہداف کے حصول کے لیے کوشش جاری رہے گی۔
ڈاکٹر محمد مشتاق خان پہلی بار منتخب ہونے کے بعد جماعت اسلامی آزاد جموں کشمیر و گلگت بلتستان کے امیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور آزاد کشمیر کی سیاسی و سماجی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
حالیہ مہینوں میں وہ آزاد کشمیر میں جاری سیاسی کشیدگی کے تناظر میں جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے تشکیل دی گئی مذاکراتی کمیٹی اور ’گرینڈ کشمیر امن جرگہ‘ کا بھی حصہ رہے ہیں، جس کا مقصد حکومت اور کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مابین ثالثی کرانا ہے۔
اس سے قبل بھی وہ خطے میں انتظامی بدنظمی، گڈ گورننس اور عوامی حقوق سے متعلق مسائل پر آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ ان کا دوبارہ انتخاب ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جماعت اسلامی آزاد کشمیر میں جاری سیاسی صورتحال میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔














