منحرف ارکان کے خلاف قانونی کارروائی، پی ٹی آئی سندھ نے لیگل ٹیم تشکیل دیدی

ہفتہ 17 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ نے لوکل حکومتوں کے قیام کے دوران میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین، وائس چیئرمین کے انتخابات کے لیے پارٹی کی ہدایات پر عمل نہ کرنے والے ارکان کے خلاف کارروائی کے لیے لیگل کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی ہدایت پر تشکیل دی گئی کمیٹی میں ریٹائر جج رانا ذکی، ایڈووکیٹ وہاب بلوچ، ایڈووکیٹ شجاعت علی، ڈاکٹر شہاب امام، ایڈووکیٹ ریاض آفندی، ایڈووکیٹ خان زمان، ایڈووکیٹ ظہور محسود، ایڈووکیٹ خالد محمود، ملک الطاف اعوان، ایڈووکیٹ رحمان مہیسر، ایڈووکیٹ مہ جابین اور ایڈوکیٹ محمد علی نوناری شامل ہیں۔

پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری علی پلھ نے لیگل کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

لیگل کمیٹی پی ٹی آئی چیئرمین و پی ٹی آئی صدر سندھ کی ہدایت پر عمل نہ کرنے والے اراکین کے خلاف الیکشن کمیشن، عدالت سمیت دیگر فورمز پر ایکشن لے گی۔

واضح رہے کہ 15 جون کو ہونے والے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات میں تحریک انصاف کے متعدد ارکان نے پارٹی کی ہدایت پر عمل نہیں کیا۔

اس میں سب اہم کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کا معرکہ تھا جہاں تحریک انصاف کے 31 اراکین ووٹ ڈالنے کے لیے نہیں پہنچ سکے تھے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والی خواتین عہدیداران صنوبر فرحان اور صفورہ کو پارٹی عہدوں سے فارغ کر دیا تھا کیوں کہ یہ بھی میئر کراچی کے انتخابات والے روز غیر حاضر رہیں۔

سٹی کونسل رکن صنوبرفرحان کو ڈپٹی جنرل سیکریٹری اور سٹی کونسل رکن ثمرین ناز کو صدر صفورہ ٹاؤن کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp