متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کے لیے وزٹ ویزوں کا اجرا آسان بنا دیا

اتوار 2 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے کئی ماہ کی غیر یقینی صورتحال کے بعد پاکستانی شہریوں کے لیے وزٹ ویزوں کے اجرا میں نرمی کر دی ہے۔ ٹریول ایجنٹس کے مطابق رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے درخواست دینے والے، خصوصاً خاندانوں کے ساتھ سفر کرنے والے پاکستانیوں کو اب ویزے نسبتاً آسانی سے جاری کیے جا رہے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں تقریباً 18 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں اور یہ ملک پاکستان کے لیے ترسیلات زر کے بڑے ذرائع میں شمار ہوتا ہے۔ گزشتہ کئی ماہ سے پاکستانی درخواست گزاروں کو ویزوں کے اجرا میں تاخیر اور سخت جانچ پڑتال کا سامنا تھا، تاہم پاکستان اور یو اے ای مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتے رہے کہ پاکستانی شہریوں پر کسی قسم کی باضابطہ ویزا پابندی عائد نہیں کی گئی۔

عرب نیوز کے مطابق پاکستان میں رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے درخواست دینے والے عام پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانیوں کے لیے وزٹ ویزوں کا اجرا دوبارہ معمول پر آنا شروع ہوگیا ہے۔ ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ خاص طور پر خاندان کے ہمراہ سفر کرنے والوں یا متحدہ عرب امارات میں مقیم اپنے عزیزوں سے ملنے جانے والوں کی درخواستیں اب پہلے کی نسبت تیزی سے منظور ہو رہی ہیں۔

اروما ٹریولز کے چیف ایگزیکٹو اور ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان (TAAP) کے سابق چیئرمین محمد ندیم شریف نے کہا کہ پاکستانی خاندانوں کو وزٹ ویزوں کے اجرا کا آغاز خوش آئند پیشرفت ہے۔ ان کے مطابق سیاحت کے فروغ کی سرگرمیاں بھی دوبارہ شروع ہو چکی ہیں اور حالیہ مہینوں میں کم ہونے والا مسافروں کا رش بتدریج بحال ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:یو اے ای گولڈن ویزا حاصل کرنے والوں کو کونسی اہم سہولیات دے رہا ہے، حیران کن فہرست سامنے آگئی

امیگریشن حکام کے مطابق موسم گرما کے آغاز میں پاکستان سے دبئی جانے والے مسافروں کی یومیہ تعداد تقریباً 170 تھی، جو جولائی کے آخری ہفتے تک بڑھ کر تقریباً 400 ہو گئی۔ تاہم یہ تعداد اب بھی 2 سال قبل ریکارڈ کیے گئے یومیہ تقریباً ایک ہزار مسافروں سے کم ہے۔

ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے عہدیدار محمد حنیف رنچ نے بھی اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے سے صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور خاندانوں کے ساتھ سفر کرنے والے پاکستانیوں کی ویزا درخواستیں زیادہ تعداد میں منظور ہو رہی ہیں۔

پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے ایک اہلکار نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے درخواست دینے والے عام پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو وزٹ ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بعض اوقات کارروائی میں تاخیر ہوئی، تاہم مکمل دستاویزات رکھنے والے درخواست گزار اب بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے درخواست دے سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ویزوں کے اجرا میں سہولت کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا گیا تھا، جبکہ پاکستانی دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ جعلی تعلیمی اسناد، فرضی ملازمت کے معاہدوں، بعض افراد کی مجرمانہ سرگرمیوں اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے باعث اماراتی حکام نے جانچ پڑتال کا عمل مزید سخت کر دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp