آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے دوران خراب موسم، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے باعث حلقہ ایل اے 28 مظفرآباد-2 (لچھراٹ) کے متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق متاثرہ پولنگ اسٹیشنوں پر اب 4 اگست 2026 کو ووٹنگ ہوگی۔
الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے مطابق خراب موسم، لینڈ سلائیڈنگ اور راستوں کی بندش کے باعث حلقہ ایل اے 28 مظفرآباد-2 (لچھراٹ) کے متعدد علاقوں میں پولنگ عملہ اور انتخابی سامان بروقت پولنگ اسٹیشنوں تک نہیں پہنچ سکا، جس کے باعث مقررہ شیڈول کے مطابق پولنگ کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا۔
یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد کے حلقہ ایل اے 27 میں پولنگ 4 اگست کو ہوگی، چیف الیکشن کمشنر کا اعلان
ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ریٹرننگ آفیسر کی رپورٹ کی روشنی میں حلقہ ایل اے 28 کے متاثرہ پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں نوسیری، نوسدہ، پنجگراں، دیولیاں اور پنجکوٹ کے مخصوص پولنگ اسٹیشن شامل ہیں، جہاں آج ووٹنگ نہیں ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ اسٹیشن نمبر 55 تا 67، 107 تا 118، 119 تا 130 اور 159 تا 173 پر پولنگ 4 اگست 2026 کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک کرائی جائے گی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملتوی کیے گئے پولنگ اسٹیشنوں کے سیل شدہ پولنگ بیگز پریذائیڈنگ افسران سے واپس وصول کر لیے گئے ہیں تاکہ نئی تاریخ پر انتخابی عمل شفاف اور منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مظفرآباد کے حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد-1 (کوٹلہ) میں پولنگ ملتوی کی جا چکی ہے، جس کے بعد اب حلقہ ایل اے 28 کے متعدد پولنگ اسٹیشن بھی متاثر ہوئے ہیں۔













