آزاد کشمیر میں الیکشن کا دوسرامرحلہ، نتائج آنے کا سلسلہ جاری، مسلم لیگ ن کو واضح برتری

پیر 3 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ مکمل ہونے کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، اب تک کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کو پیپلز پارٹی پر واضح برتری ہے۔

انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 8 انتخابی حلقوں اور مہاجرین کی 12 مخصوص نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: مہاجرین کی 6 نشستوں کے نتائج جاری، 4 پر مسلم لیگ (ن)، 2 پر پیپلز پارٹی کامیاب

مظفرآباد ڈویژن کے بیشتر حلقوں میں پولنگ شام 6 بجے تک پرامن انداز میں جاری رہی، تاہم حلقہ ایل اے 27 میں خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث انتخابی عملہ اور پولنگ کا سامان بروقت نہ پہنچ سکا، جس کے باعث اس حلقے کے تمام 196 پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابات ملتوی کر دیے گئے۔

اس کے علاوہ مظفرآباد کے حلقہ 2 لچھراٹ کے کچھ پولنگ اسٹیشنز پر بھی پولنگ ملتوی کردی گئی اور ان دو حلقوں میں اب 4 اگست کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔

ابتدائی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو برتری

اب تک سامنے آنے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) مظفرآباد ڈویژن کی 8 میں سے 5 نشستوں پر آگے ہے، جبکہ ایک نشست پر کامیابی حاصل کرلی ہے۔

مسلم لیگ ن کے ایل اے 30 ہٹیاں دوپٹہ سے امیدوار ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی 18 ہزار سے زیادہ ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے حلقہ ایل اے 29 سٹی سے امیدوار سردار مختار نے بھی کامیابی حاصل کرلی ہے، اور مسلم لیگ ن کے امیدوار بیرسٹر افتخار گیلانی کو شکست دی ہے۔

ایل اے 25 نیلم سے مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر کو پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار میاں عبدالوحید پر واضح برتری ہے۔

نیلم ویلی کے حلقہ ایل اے 26 میں بھی مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر اور پیپلز پارٹی کے میاں عبدالوحید کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہے۔

مظفرآباد کے حلقہ ایل اے 28 لچھراٹ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار بازل نقوی کو مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری شہزاد پر معمولی برتری ہے، تاہم یہاں کچھ پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ملتوی ہوئی ہے، جن پر 4 اگست کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق جن پولنگ اسٹیشنز پر 4 اگست کو ووٹ ڈالے جائیں گے وہاں ن لیگ کے امیدوار کی پوزیشن مستحکم ہے۔

ایل اے 31 کھاوڑہ میں مسلم لیگ ن کے امیدوار راجا ثاقب مجید کو پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر پر واضح برتری ہے، اور نتائج آنے کا سلسسلہ جاری ہے۔

ایل اے 32 چکار جہلم ویلی کا حلقہ ہے، جہاں مسلم لیگ ن کے امیدوار سابق وزیراعظم راجا فاروق حیدر الیکشن جیت رہے ہیں اور انہیں پیپلز پارٹی کے صاحبزادہ اشفاق ظفر پر برتری ہے۔

ایل اے 33 لیپہ ویلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار دیوان چغتائی کو مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری رشید پر برتری حاصل ہے۔

مہاجرین مقیم پاکستان کی نشستیں

حلقہ ایل اے 34 جموں ون کے 131 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 51 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ناصر حسین ڈار 1690 ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے محمد سعود مختار 741 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

حلقہ ایل اے 35 جموں ٹو کے 142 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 100 کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد اسماعیل 18788 ووٹ لے کر سبقت حاصل کیے ہوئے ہیں، جبکہ آزاد امیدوار سردار محمد غیاث 5041 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

حلقہ ایل اے 36 جموں تھری کے تمام 140 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے محمد احسن رضا 27218 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے احسن اسماعیل 12980 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ ایل اے 37 جموں فور کے تمام 185 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی مریم جاوید 28664 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں، جبکہ جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے عثمان علیم 22827 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ ایل اے 38 جموں فائیو کے 115 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 48 کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ذیشان علی 5483 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ مسلم لیگ آزاد جموں و کشمیر کے محمد اکبر چوہدری 4935 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

حلقہ ایل اے 39 جموں سکس کے 157 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 32 کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے راجا محمد صدیق 2328 ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری فخر زمان 650 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

حلقہ ایل اے 40 کشمیر ویلی ون سے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے عامر عبدالغفار بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گئے ہیں۔

حلقہ ایل اے 41 کشمیر ویلی ٹو کے تمام 19 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے محمد عامر شاہ 1804 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ آزاد امیدوار صبا دیوان 588 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہیں۔

حلقہ ایل اے 42 کشمیر ویلی تھری کے تمام 43 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سید شوکت علی شاہ 1524 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد عاصم شریف 477 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ ایل اے 43 کشمیر ویلی فور کے تمام 10 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے محمد یاسین لون 1276 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جاوید بٹ 563 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ ایل اے 44 کشمیر ویلی فائیو کے تمام 27 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے محمد احمد رضا قادری 2308 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوگئے، جبکہ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی مہر النسا 650 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔

مزید پڑھیں: ایل اے 44 ویلی 5: ن لیگ کے امیدوار احمد رضا قادری بھاری اکثریت سے کامیاب

حلقہ ایل اے 45 کشمیر ویلی سکس کے تمام 41 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالماجد خان 3448 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے خواجہ محمد دلاور 823 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp