آزاد کشمیر کے انتخابات میں تاریخی دھاندلی ہوئی، الیکشن کمیشن غیر جانبدار نہ رہا، شرجیل میمن

پیر 3 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات میں ’تاریخی دھاندلی‘ کی گئی اور الیکشن کمیشن اپنا غیر جانبدار کردار ادا کرنے میں ناکام رہا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن ایک ہی صفحے پر نظر آئے، جبکہ چیف الیکشن کمشنر اور ان کی ٹیم کا رویہ غیر ذمہ دارانہ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے شفاف اور غیر جانبدار کردار ادا کرنے کے بجائے مسلم لیگ (ن) کی بی ٹیم کا کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں: ’کوئی اور نہیں بس شیر‘، مریم نواز کا آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی پر خوشی کا اظہار

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، تاہم پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور انتخابی میدان نہیں چھوڑے گی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آخری لمحے تک انتخابی عمل میں ڈٹی رہے گی اور عوام کو ان کے حقوق دلانے کے لیے ہر آئینی اور جمہوری فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

کشمیر انتخابات فارم 47 پلس کا عملی نمونہ تھے، تمام ثبوت قوم کے سامنے لائیں گے، شرجیل میمن

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کو فارم 47 پلس کا عملی نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق اور پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی انتخابی دھاندلی کی روایت دہرائی گئی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کشمیر کے انتخابات میں کیا ہوا، یہ ہر شخص جانتا ہے، جبکہ اسلام آباد سمیت قومی میڈیا نے بھی انتخابی بے ضابطگیوں کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت انتخابی دھاندلی کے تمام ثبوت اور شواہد قوم کے سامنے پیش کرے گی۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: پیپلز پارٹی نے دھاندلی کا بیانیہ بنانے کی کوشش کی، عوام نے مسترد کر دیا، رانا ثنا اللہ

انہوں نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ شفاف اور غیر جانبدار کردار ادا کرنے میں ناکام رہا اور مسلم لیگ (ن) کی بی ٹیم کے طور پر کام کرتا رہا۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلکہ دلیل، شواہد اور آئینی و قانونی راستہ اختیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق اپنا مؤقف تمام قانونی اور آئینی فورمز پر پیش کرے گی اور عوام کے سامنے حقائق لائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا احتجاج مہذب، جمہوری اور آئین و قانون کے دائرے میں ہوگا، جبکہ انتخابی بے ضابطگیوں کے خلاف ہر دستیاب قانونی فورم سے رجوع کیا جائے گا۔

ایل اے 10 سمیت کئی حلقوں میں سنگین دھاندلی ہوئی، شواہد موجود ہیں، چودھری یاسین

پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما چودھری یاسین نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں ایل اے 10 سمیت متعدد حلقوں میں سنگین انتخابی بے ضابطگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پاس مبینہ دھاندلی کے ویڈیوز اور دیگر شواہد موجود ہیں۔

اسلام آباد میں شرجیل میمن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری یاسین نے کہا کہ ایل اے 10 میں پولنگ کے دوران صبح سے ہی پولنگ اسٹیشن بند کرکے بیلٹ پیپرز پر اسٹیمپنگ کی اطلاعات موصول ہوتی رہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر، ریٹرننگ افسر، ایس ایس پی اور ڈپٹی کمشنر کو متعدد بار آگاہ کیا گیا، تاہم مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ قریباً 40 پولنگ اسٹیشنز پر 85 سے 99 فیصد تک ووٹنگ ظاہر کی گئی، جبکہ انہی اسٹیشنز پر مبینہ طور پر 18 ہزار ووٹ ڈالے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر حلقوں کے نتائج رات کو جاری کر دیے گئے، مگر ان کے حلقے کا نتیجہ صبح جاری کیا گیا اور رات بھر پولنگ اسٹیشن کھلے رکھ کر مبینہ اسٹیمپنگ کی جاتی رہی۔

چودھری یاسین نے کہا کہ ایل اے 9، ایل اے 10 اور ایل اے 11 میں بھی دھاندلی کی گئی۔ ان کے مطابق انتخابات مرحلہ وار کرانے کا فیصلہ بھی پری پول ریگنگ کا حصہ تھا۔

انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ ان کے پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی نہ ہونے کے برابر تھی، جبکہ مخالف امیدواروں کے پولنگ اسٹیشنز پر بھاری نفری تعینات کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے بعض اہلکاروں نے طور پر اسٹیمپنگ میں معاونت کی، جبکہ ان کے پولنگ ایجنٹس کو تشدد کا نشانہ بنا کر کمروں میں بند رکھا گیا۔

چودھری یاسین نے کہا کہ ان کی جماعت تمام مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کے شواہد متعلقہ فورمز پر پیش کرے گی اور قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات شفاف اور غیر جانبدارانہ کرائے جائیں، ندیم افضل چن کا مطالبہ

آزاد کشمیر انتخابات میں فارم 47 پلس دہرایا گیا، شواہد الیکشن کمیشن کو دیتے رہے، شرجیل میمن

شرجیل انعام میمن کہا کہ ان کی جماعت مسلسل انتخابی بے ضابطگیوں کے شواہد الیکشن کمیشن کو فراہم کرتی رہی، تاہم مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ پیپلز پارٹی کے کارکن مختار عباسی کو شہید کیا گیا، جبکہ اس افسوسناک واقعے پر مخالف سیاسی قیادت کا رویہ بھی مایوس کن رہا۔

انہوں نے کہا کہ ایل اے 11 سمیت مختلف حلقوں میں اسٹیمپنگ کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ مہاجرین کی نشستوں پر بھی فارم 47 پلس دہرایا گیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ایل اے 17 کوٹلہ میں پولنگ مؤخر کرنے کی وجہ بے بنیاد تھی۔ ان کے مطابق بارش کو جواز بنا کر پولنگ ملتوی کی گئی، حالانکہ اس وقت موسم صاف تھا، اور الیکشن کمیشن نے حقائق کے برعکس فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کے معاملے پر اپنا مؤقف قانونی اور آئینی فورمز پر پیش کرے گی اور شواہد کی بنیاد پر انصاف کا مطالبہ جاری رکھے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp