اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا سوات دہشتگردانہ حملے پر مذمتی بیان

جمعہ 7 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے کبل میں تھانے کے باہر ہونے والے خودکش دہشتگردانہ حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سلامتی کونسل نے حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ اور حکومتِ پاکستان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

سلامتی کونسل کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق 2 اگست 2026 کو سوات کے علاقے کبل میں تھانے کے باہر ایک بزدلانہ خودکش حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 16 پاکستانی شہری جاں بحق (جن میں زیادہ تر عام شہری شامل ہیں) اور درجنوں افراد زخمی ہوئے۔ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (TTP) نے قبول کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے سوات کبل پولیس اسٹیشن کے باہر خودکش دھماکہ، پولیس جوانوں سمیت 14 افراد جاں بحق، 18 سے زیادہ زخمی

سلامتی کونسل کے اراکین نے اعادہ کیا کہ دہشتگردی اپنے تمام روپ اور مظاہر میں بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے شدید ترین خطرات میں سے ایک ہے۔ کسی بھی قسم کے دہشتگردانہ اقدامات مجرمانہ اور ناپائیدار ہیں، قطع نظر اس کے کہ ان کا مقصد کچھ بھی ہو یا وہ کہیں بھی اور کسی کی طرف سے بھی کیے گئے ہوں۔

کونسل کے اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ اس مذموم کارروائی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں، مالی معاونت کرنے والوں اور پشت پناہی کرنے والوں کو جوابدہ بنایا جائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

یہ بھی پڑھیے لاشوں کی بے حرمتی، ’یہ اسلام نہیں، بدترین حیوانیت ہے‘، کالعدم ٹی ٹی پی کا وحشیانہ چہرہ پھربے نقاب، علما کا شدید ردعمل

سلامتی کونسل نے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے اس سلسلے میں حکومتِ پاکستان کے ساتھ فعال تعاون کریں۔

بیان کے آخر میں سلامتی کونسل کے اراکین نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام ریاستیں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کے مطابق دہشتگردی کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مل کر کام کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp