اگر آپ کو شک ہو کہ کوئی شخص اسمارٹ چشموں کے ذریعے آپ کی اجازت کے بغیر ویڈیو بنا رہا ہے تو انٹرنیٹ پر ایک غیر معمولی مشورہ تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور وہ یہ ہے کہ ڈزنی کا کوئی مشہور گانا گانا شروع کر دیں۔
یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کا اسمارٹ چشموں پر تشویش کا اظہار، نئے رازداری قوانین بنانے پر زور
اس طریقے کے پیچھے خیال یہ نہیں کہ ویڈیو بنانے والا رک جائے گا بلکہ یہ ہے کہ اگر ویڈیو میں کاپی رائٹ کے تحت محفوظ ڈزنی کا گانا شامل ہو جائے تو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے خودکار نظام اسے شناخت کر سکتے ہیں جس کے نتیجے میں ویڈیو خاموش (میوٹ)، حذف یا اس کی رسائی محدود کی جا سکتی ہے۔
یہ طریقہ کیسے کام کرتا ہے؟
یوٹیوب، انسٹاگرام، فیس بک، ٹک ٹاک اور دیگر کئی پلیٹ فارمز پر ایسے خودکار نظام موجود ہیں جو اپ لوڈ کی جانے والی ویڈیوز میں کاپی رائٹ کے تحت محفوظ موسیقی کی شناخت کرتے ہیں۔
مزید پڑھیے: میٹا کے کیمرا نصب اسمارٹ چشموں پر برطانیہ میں رازداری کے خدشات، کئی مقامات پر پابندی
اگر ویڈیو میں کسی کاپی رائٹ یافتہ گانے کی دھن، موسیقی یا بول شامل ہوں خواہ وہ کسی نے خود گنگنائے ہی کیوں نہ ہوں تو متعلقہ پلیٹ فارم ویڈیو کو میوٹ، حذف یا بعض صورتوں میں اس پر پابندی بھی لگا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ ڈزنی کا گانا گانا غیر مطلوب ویڈیوز کے پھیلاؤ کو روکنے کا ایک غیر روایتی طریقہ بن سکتا ہے۔
ہر صورت میں کامیابی کی ضمانت نہیں
ماہرین کے مطابق یہ طریقہ ہر بار مؤثر ثابت نہیں ہوتا کیونکہ مختلف پلیٹ فارمز کے کاپی رائٹ نظام الگ الگ انداز میں کام کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹیکنالوجی کمپنیاں آپ سے اسکرین کیوں چھیننا چاہتی ہیں، کیا اسمارٹ فون بھی ختم ہوجائیں گے؟
بعض اوقات ویڈیو صرف خاموش کر دی جاتی ہے جبکہ بعض صورتوں میں وہ بدستور آن لائن رہتی ہے۔
پرائیویسی سے متعلق نئی بحث
اسمارٹ چشموں خصوصاً میٹا کے رے بین اسمارٹ گلاسز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے ساتھ عوامی مقامات پر لوگوں کی خفیہ ویڈیو بنانے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
بہت سے صارفین کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال اس تلخ حقیقت کی نشاندہی کرتی ہے کہ آن لائن دنیا میں بعض اوقات کاپی رائٹ کو تو مضبوط قانونی تحفظ حاصل ہے لیکن کسی شخص کی نجی زندگی اور پرائیویسی کے تحفظ کے لیے قوانین ہر ملک میں یکساں یا مؤثر نہیں ہوتے۔
میٹا کا مؤقف
میٹا کا کہنا ہے کہ وہ بغیر اجازت ویڈیو بنانے کے معاملے کو سنجیدگی سے لیتا ہے۔ کمپنی کے مطابق اسمارٹ چشموں میں ریکارڈنگ کے دوران جلنے والی اشارتی لائٹ کو مزید نمایاں بنایا گیا ہے تاکہ آس پاس موجود افراد کو معلوم ہو سکے کہ ریکارڈنگ جاری ہے۔
علاوہ ازیں کمپنی ایسی ویڈیوز بھی ہٹاتی ہے جنہیں وہ ہراسانی یا غیر مناسب رویے کے زمرے میں شمار کرتی ہے۔
کیا واقعی ڈزنی کا گانا ویڈیو ڈیلیٹ کروا سکتا ہے؟
مختصر جواب یہ ہے کہ ضروری نہیں۔ اگر ویڈیو میں کاپی رائٹ کے تحت محفوظ گانا شامل ہو جائے تو بعض سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اپنے خودکار نظام کے ذریعے اسے شناخت کر کے ویڈیو کو میوٹ، محدود یا بعض صورتوں میں حذف کر سکتے ہیں تاہم ایسا ہر بار نہیں ہوتا۔
یہ بھی پڑھیے: میٹا کے اے آئی چشموں پر خفیہ ریکارڈنگ کے الزامات، پرائیویسی کا بحران؟
یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ یہ طریقہ کسی قانونی حق یا پرائیویسی کے تحفظ کا متبادل نہیں ہے۔ اگر کسی نے آپ کی اجازت کے بغیر ویڈیو بنائی یا اسے ہراسانی، بدنامی یا دیگر غیر قانونی مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے تو متعلقہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شکایت درج کرانا اور ضرورت پڑنے پر مقامی قوانین کے تحت قانونی کارروائی کرنا ہی زیادہ مؤثر اور درست راستہ ہے۔














