پاکستان نے مقبوضہ گولان پر اسرائیلی خودمختاری تسلیم کرنے کا کولمبیا کا فیصلہ مسترد کردیا، شدید احتجاج

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے مقبوضہ شامی گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی خودمختاری تسلیم کرنے کے کولمبیا کے فیصلے کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔

اسلام آباد نے واضح کیا ہے کہ گولان کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ قانونی حیثیت یکطرفہ فیصلے سے تبدیل نہیں کی جاسکتی اور کسی ریاست کی خودمختاری یا مقبوضہ علاقوں کی حیثیت بدلنے کی کوشش ناقابل قبول ہے۔

یہ بھی پڑھیں:گولان میں بستیوں کی توسیع بند کی جائے، اقوام متحدہ کا اسرائیل کو دوٹوک پیغام

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت عالمی برادری سے متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد اور اسرائیل کے مقبوضہ عرب علاقوں سے مکمل انخلا کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

کولمبیا کے فیصلے پر پاکستان کا سخت ردعمل

اسلام آباد نے کولمبیا کی جانب سے مقبوضہ شامی گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی جبری قبضے کی خودمختاری تسلیم کرنے کے فیصلے کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

پاکستان نے کہا ہے کہ گولان کی پہاڑیاں بدستور شام کا مقبوضہ علاقہ ہیں اور کوئی یکطرفہ فیصلہ ان کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ قانونی حیثیت تبدیل نہیں کرسکتا۔

کولمبیا نے یہ فیصلہ 10 اگست 2026 کو کیا اور وہ امریکا کے بعد اسرائیلی خودمختاری کو گولان پر تسلیم کرنے والا دوسرا اقوام متحدہ کا رکن ملک بن گیا ہے۔

قبضے کو قانونی حیثیت دینے کی کوشش مسترد

پاکستان نے واضح کیا کہ کسی ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے، قبضے کو جائز قرار دینے یا یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ علاقوں کی حیثیت تبدیل کرنے کی ہر کوشش کو مسترد کیا جانا چاہیے۔

اسلام آباد کے مطابق ایسے اقدامات کا عالمی برادری کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مؤثر اور دوٹوک جواب دینا چاہیے، بصورت دیگر یہ طرز عمل عالمی قوانین پر مبنی نظام کو مزید کمزور کرسکتا ہے۔

سلامتی کونسل کی قرارداد 497 کا حوالہ

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 497 کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ مذکورہ قرارداد اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ گولان پر اپنے قوانین، دائرہ اختیار اور انتظامیہ مسلط کرنے کو ‘کالعدم اور بین الاقوامی قانونی اثر سے محروم’ قرار دیتی ہے۔

مزید پڑھیں:اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا ’گریٹر اسرائیل‘ منصوبے کا ’تاریخی اور روحانی مشن‘ جاری رکھنے کا عزم

اسلام آباد نے کہا ہے کہ یکطرفہ طور پر گولان پر اسرائیلی خودمختاری تسلیم کرنا نہ صرف متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روح کے منافی ہے بلکہ خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کے ماحول میں امن و استحکام کے لیے بھی خطرناک رکاوٹ ہے۔

عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ

پاکستان نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، پر زور دیا ہے کہ متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحفظ، استثنیٰ کے خاتمے اور ریاستوں کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں۔

اسلام آباد نے مؤقف اختیار کیا کہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کرنے سے خطے میں عدم استحکام مزید بڑھ سکتا ہے۔

مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا راستہ

پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن اسرائیل کے مقبوضہ فلسطینی اور دیگر عرب علاقوں سے مکمل انخلا کے بغیر ممکن نہیں۔

اسلام آباد کے مطابق ان مقبوضہ علاقوں میں شامی گولان کی پہاڑیاں بھی شامل ہیں، جبکہ خطے میں دیرپا امن کے لیے ریاستوں کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور بین الاقوامی قانون کا احترام بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں:شام میں اسرائیل کے ڈیرے کب تک رہیں گے، وقت کے ساتھ بدلتی صیہونی سرحدیں

واضح رہے کہ گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل نے 1967 کی جنگ کے دوران شام سے قبضہ کیا تھا اور 1981 میں وہاں اپنا قانون، دائرہ اختیار اور انتظامیہ نافذ کرنے کا جبری اعلان کیا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے قرارداد 497 کے ذریعے اس اقدام کو غیر مؤثر قرار دیا۔

امریکا نے 2019 میں گولان پر اسرائیلی جبری قبضے کو تسلیم کیا تھا، جبکہ کولمبیا کا حالیہ فیصلہ اس مؤقف کو اختیار کرنے والا دوسرا اقوام متحدہ کا رکن ملک بناتا ہے۔

پاکستان اس سے قبل بھی گولان پر اسرائیلی قبضے اور شام کی علاقائی سالمیت کے خلاف اقدامات کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سلامتی کونسل کی قرارداد 497 کی حمایت کا اعادہ کرچکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

وی ایکسکلوسیو: سندھ کے علاوہ جہاں بھی ضرورت ہو نئے صوبے بننے چاہییں، قمر زمان کائرہ

بانی پی ٹی آئی عمران خان شفا انٹرنیشنل اسپتال سے اڈیالا جیل منتقل

عمران خان کو عدالتی ریلیف کے بعد پی ٹی آئی کی اسلام آباد مارچ کی تیاریاں ماند کیوں پڑگئیں؟

قائداعظم کی بیماری: سازشی تھیوری دم توڑ گئی

مالی مسائل حل نہ ہوئے تو بی پی ایل منعقد نہیں کریں گے، تمیم اقبال

ویڈیو

ڈیل یا ڈھیل، حکومت نے درخواست واپس لے لی، کپتان اسپتال منتقل، اگلی منزل بنی گالہ، بلاول کی پھرتیاں

شاہی خاندان سے تعلقات بہتر ہوگئے، شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کا 6 سالہ جلا وطنی کے بعد وطن واپسی کا فیصلہ

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر سے 15 جنوری کے درمیان ہوں گے، صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن متفق

کالم / تجزیہ

قائداعظم کی بیماری: سازشی تھیوری دم توڑ گئی

فیصلے کی تاریخ اور تاریخ کا فیصلہ

سپمورن سنگھ کالرا سے گلزار تک