شاہین آفریدی کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر رکھنے پر سابق انگلش فاسٹ بولر کا حیرت کا اظہار

ہفتہ 22 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر ڈیرن گف نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی کو اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔

ہیڈنگلے ٹیسٹ کی کوریج کے دوران ٹاک اسپورٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیرن گف نے کہا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز اور پاکستان کے نسبتاً ناتجربہ کار بولنگ اٹیک کو دیکھتے ہوئے انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ شاہین آفریدی کو ٹیم کا حصہ کیوں نہیں بنایا گیا۔

مزید پڑھیں: جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچز پکڑنے والے فیلڈر بن گئے

سابق انگلش فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ اگرچہ شاہین آفریدی گزشتہ قریباً 18 ماہ کے دوران مشکلات سے گزرے ہیں، تاہم ان کا معیار اب بھی بلند ہے اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹیں لینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کا بولنگ اٹیک بھی انگلش بیٹرز کے سامنے مؤثر ثابت نہ ہوسکا۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 171 رنز بنائے، جس کے جواب میں انگلینڈ نے 409 رنز بنا کر 238 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 135 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جس کے نتیجے میں انگلینڈ نے میچ ایک اننگز اور 103 رنز سے جیت لیا۔

پاکستان کی جانب سے علی عثمان نے 5 جبکہ خرم شہزاد نے 3 وکٹیں حاصل کیں، تاہم پاکستانی بولرز انگلش بیٹنگ لائن کو قابو کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

شاہین شاہ آفریدی حالیہ عرصے میں وائٹ بال کرکٹ میں پاکستان کے اہم کھلاڑیوں میں شامل رہے ہیں۔ نیشنل چیمپیئنز کپ کے فائنل میں انہوں نے ہیٹ ٹرک سمیت 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

مزید پڑھیں: پاکستانی اسپنر علی عثمان نے انگلینڈ میں 54 سال بعد تاریخی کارنامہ انجام دے دیا

پورے ٹورنامنٹ کے دوران بھی شاہین آفریدی کی کارکردگی نمایاں رہی اور انہوں نے 4 میچز میں مجموعی طور پر 13 وکٹیں حاصل کرکے ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کا اعزاز حاصل کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp