امریکی اداکارہ راکیل لی بولیو نے الزام عائد کیا ہے کہ 14 سال کی عمر میں ڈزنی چینل کی فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک سابق ڈزنی ملازم نے انہیں متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ کمپنی نے مبینہ طور پر صورتحال کے باوجود انہیں تحفظ فراہم نہیں کیا۔
سابق چائلڈ اسٹار راکیل لی بولیو نے واقعے کے 25 سال بعد والٹ ڈزنی کمپنی کے خلاف غفلت کا دیوانی مقدمہ دائر کردیا ہے۔ 39 سالہ اداکارہ نے مقدمہ 21 اگست کو لاس اینجلس کاؤنٹی سپیریئر کورٹ میں دائر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک صارفین کو ڈزنی کے مشہور کردار استعمال کرنے کی اجازت مل گئی
مقدمے کے مطابق راکیل لی کا دعویٰ ہے کہ 2001 میں ڈزنی چینل کی فلم The Poof Point کی شوٹنگ کے دوران ایک درمیانی عمر کے نامعلوم مرد ڈزنی ملازم نے انہیں متعدد مرتبہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ اداکارہ کے مطابق مذکورہ شخص نے انہیں شراب بھی فراہم کی اور مبینہ زیادتی سالٹ لیک سٹی میں فلم کی شوٹنگ کے دوران قیام کے موقع پر جبکہ ایک مرتبہ کیلیفورنیا واپسی کی پرواز میں بھی ہوئی۔
اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ ڈزنی کے عملے کو حالات میں خرابی کے آثار نظر آنے کے باوجود انہیں مناسب تحفظ فراہم نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق پروڈکشن کے دوران انہیں مذکورہ ملازم کے ساتھ وقت گزارنے اور ’گھلنے ملنے‘ کی ہدایت کی گئی جبکہ انہیں ان کے سرپرست سے بھی الگ کردیا گیا اور مناسب نگرانی نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ڈزنی کا اگلا سی ای او کون؟ نام سامنے آگیا
راکیل لی کے مطابق مذکورہ ملازم مبینہ طور پر فلم کے سیٹ پر بھی انہیں ہراساں کرتا تھا اور دیگر بالغ افراد کی موجودگی میں نامناسب جملے کہتا تھا تاہم ان کے بقول ڈزنی کے کسی فرد نے مداخلت نہیں کی۔
مقدمے میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ مبینہ واقعات کے بعد اداکارہ کے رویے اور کارکردگی میں نمایاں تبدیلی آئی۔ پروڈکشن سے وابستہ افراد نے انہیں بیمار اور نشے میں مبتلا حالت میں دیکھا تاہم اداکارہ کے مطابق ڈزنی کے حکام نے معاملے کی تحقیقات کرنے کے بجائے ان کی خراب کارکردگی کا ذمہ دار انہیں قرار دیا اور انہیں ’قابو سے باہر‘ قرار دیتے ہوئے ایک آئندہ کردار بھی منسوخ کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈزنی لینڈ میں افسوسناک واقعہ: جھولے کی سواری کے دوران 60 سالہ خاتون کا انتقال
راکیل لی نے مقدمے میں مالی نقصان، ذہنی اذیت، تعزیری ہرجانے، وکلا کی فیس اور دیگر اخراجات کی مد میں معاوضے کا مطالبہ کیا ہے تاہم مقدمے میں ہرجانے کی مجموعی رقم ظاہر نہیں کی گئی۔
اداکارہ کے وکلا ڈگلس وگڈور اور جین کم نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران متعدد سابق چائلڈ اداکار تفریحی صنعت میں بالغ افراد کی جانب سے بدسلوکی کے تجربات سامنے لاچکے ہیں اور ایسے واقعات میں براہِ راست یا بالواسطہ ملوث افراد کو جواب دہ ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کے 12ڈزنی پارکوں کی صرف 12دن میں سیر
ڈزنی نے مقدمے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
راکیل لی بعد ازاں ڈزنی چینل کی مقبول اینیمیٹڈ سیریز The Proud Family میں وائس اوور اداکاری کرتی رہیں اور 2022 سے 2025 تک نشر ہونے والی اس کی ڈزنی پلس ری وائیول The Proud Family: Louder and Prouder میں بھی واپس آئیں۔
واضح رہے کہ راکیل لی کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات فی الحال مقدمے میں شامل دعوے ہیں جنہیں عدالت میں ثابت ہونا باقی ہے۔













