اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس میں 600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

منگل 25 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھی گئی جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس ابتدائی لمحات میں 600 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا۔

صبح 9 بج کر 35 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 643.38 پوائنٹس یعنی 0.36 فیصد اضافے کے ساتھ 177,610.06 پوائنٹس کی سطح پر موجود تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت آغاز، انڈیکس میں تقریباً 300 پوائنٹس کا اضافہ

مارکیٹ میں آٹو موبائل، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور بجلی پیدا کرنے والے شعبوں میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا۔

حبکو، ماری پیٹرولیم، او جی ڈی سی، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان آئل فیلڈز، پاکستان اسٹیٹ آئل، مسلم کمرشل بینک، میزان بینک اور نیشنل بینک جیسے انڈیکس پر اثر انداز ہونے والے بڑے حصص مثبت زون میں کاروبار کرتے رہے۔

مارکیٹ میں تیزی کی ایک اہم وجہ عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری بھی قرار دی جارہی ہے۔

موڈیز نے پیر کو حکومت پاکستان کی مقامی اور غیر ملکی کرنسی میں جاری کنندہ اور سینئر غیر محفوظ قرضوں کی ریٹنگ Caa1 سے بڑھا کر B3 کردی، جبکہ آؤٹ لک مستحکم برقرار رکھا۔

گزشتہ روز پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے اختتامی مرحلے میں بڑے حصص میں منافع کے حصول کے لیے فروخت کے باعث ابتدائی تیزی کے بیشتر اثرات زائل ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: عالمی معیشت میں بہتری: اسٹاک مارکیٹ اور سونے چاندی میں سرمایہ کاری کب کی جائے؟

تاہم آئل اینڈ گیس اور سیمنٹ کے شعبوں میں منتخب خریداری نے مارکیٹ کو مزید کمی سے بچایا۔

پیر کو کے ایس ای 100 انڈیکس 199.84 پوائنٹس یعنی 0.11 فیصد کمی کے بعد 176,966.69 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب عالمی سطح پر منگل کو ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں بھی مندی دیکھی گئی جبکہ تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری رہا۔

ایران پر پابندیوں کے حوالے سے امریکا کی جانب سے سخت اقدامات کی دھمکیوں کے باوجود مارکیٹ پر ان کے اثرات محدود رہے۔

امریکی ٹریژری بانڈز کی ییلڈز بھی حالیہ بلند ترین سطح سے نیچے آگئیں، ایک رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ قرضوں کی بائی بیک کے لیے اپنے کیش اکاؤنٹ کو استعمال کرسکتا ہے، جس سے قلیل مدتی بانڈز کے اضافی اجرا کی ضرورت کم ہوسکتی ہے۔

ٹیکنالوجی سیکٹر کی نظریں بدھ کو چِپ ساز کمپنی اینویڈیا کے مالی نتائج پر مرکوز ہیں۔ سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ کمپنی کے لیے مارکیٹ کی بلند توقعات پر پورا اترنا مشکل ہوسکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp