مسلم لیگ ن کے چوہدری طارق فاروق آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر ، احمد رضا قادری ڈپٹی اسپیکر منتخب

منگل 25 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے اہم مرحلے کے تحت اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات مکمل ہوگئے۔

پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل چوہدری طارق فاروق 32 ووٹ حاصل کرکے اسپیکر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوگئے، جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری قاسم مجید نے 13 ووٹ حاصل کیے۔ اور ایک ووٹ مسترد ہوا۔

مزید پڑھیں: پولیس اہلکار کی جان بچانے سے شہرت پانے والی زوبیہ خورشید راجا آزاد کشمیر اسمبلی کی رکن بننے میں کامیاب

مہاجرین کی سیٹ سے کامیاب ہونے والے رکن اسمبلی احمد رضا قادری بھی 32 ووٹ لے کر قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے، جبکہ ان کے مد مقابل پیپلز پارٹی کے عامر عبدالغفار لون نے 14 ووٹ حاصل کیے۔

نومنتخب اسپیکر چوہدری طارق فاروق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 16ویں اسپیکر جبکہ احمد رضا قادری 15ویں ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے چوہدری طارق فاروق کو اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔

آزاد کشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ ن کو اکثریت حاصل ہے اور پارٹی کے ارکان کی تعداد 31 ہے، جبکہ جموں و کشمیر عوامی دست و بازو کے رکن سردار ساجد اقبال بھی ن لیگ کے اتحادی ہیں، جس کے باعث حکومتی اتحاد کے ارکان کی تعداد 32 تک پہنچ جاتی ہے۔ اسپیکر کے انتخاب میں چوہدری طارق فاروق کو ملنے والے 32 ووٹ حکومتی اتحاد کی عددی برتری کی عکاسی کرتے ہیں۔

چوہدری طارق فاروق حالیہ عام انتخابات میں بھمبر سے کامیاب ہوئے اور انہوں نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کو شکست دی۔ ایل اے 7 بھمبر 3 ان کا آبائی حلقہ ہے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر کی سیاست میں مریم نام کا چرچا، ’تین مریم‘ اسمبلی تک پہنچنے میں کامیاب

وہ اس سے قبل بھی اہم حکومتی اور پارلیمانی ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں، جن میں 2016 سے 2021 تک آزاد کشمیر کے سینئر ترین وزیر، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور ڈپٹی اپوزیشن لیڈر کے عہدے شامل ہیں۔ وہ متعدد مرتبہ وزیر حکومت بھی رہ چکے ہیں۔

یاد رہے کہ نومنتخب اسپیکر چوہدری طارق فاروق حلف اٹھانے کے ساتھ ہی قائم مقام صدر ریاست بھی بن گئے ہیں، کیوں کہ اس وقت آزاد کشمیر میں صدر کا عہدہ خالی ہے، اور آئین کے مطابق اسپیکر ہی قائم مقام صدر ہوتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp