ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس، پرنس ہیری اور میگھن، اپنے بچوں آرچی اور للی بیٹ کے ہمراہ برطانیہ پہنچ گئے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق خاندان نجی پرواز کے ذریعے امریکی ریاست کیلیفورنیا سے برطانیہ پہنچا اور دوپہر سے کچھ دیر قبل برمنگھم میں لینڈ کیا۔
سسیکس خاندان کی برطانیہ آمد کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی تاہم ان کے ترجمان نے معاملے پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایسی بات نہیں جس پر وہ کوئی تبصرہ کرنا چاہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بکنگھم پیلس میں شاہی تقریب، پرنس ہیری کی خفیہ شرکت کا انکشاف
رپورٹس کے مطابق پرنس ہیری اور میگھن اگست میں برطانیہ منتقل ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم وہ شاہی خاندان کے سرکاری فرائض انجام نہیں دیں گے۔ دونوں غیر سرکاری حیثیت میں برطانیہ میں رہائش اختیار کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سسیکس خاندان لندن سے باہر کوٹس وولڈز کے علاقے میں واقع ایک نجی رہائش گاہ کو اپنا مستقل ٹھکانہ بنا سکتا ہے۔ ان کے بچوں آرچی اور للی بیٹ کا مقامی اسکول میں داخلہ بھی کرا دیا گیا ہے اور نئے تعلیمی سال کا آغاز آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی ولی عہد ولیئم اپنے چھوٹے بھائی پرنس ہیری کو وراثت سے محروم کروانے کے لیے کوشاں
میگھن اور ہیری اپنے پالتو کتوں میا اور پولا کو بھی برطانیہ لے کر آئے ہیں جبکہ ان کی ریسکیو کی گئی مرغیاں کیلیفورنیا میں ہی رہیں گی۔
سسیکس جوڑے نے 2020 میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کے بعد برطانیہ چھوڑ دیا تھا اور بعد ازاں امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں سکونت اختیار کرلی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پرنس ہیری امریکا میں برطانوی خاندانوں سے ملاقات کے دوران آبدیدہ
رپورٹس کے مطابق کنگ چارلس کو رواں ماہ کے آغاز میں جوڑے کے برطانیہ منتقل ہونے کے منصوبے سے آگاہ کیا گیا تھا۔ ہیری اور میگھن نے رواں سال جولائی میں کنگ چارلس سے ہائی گروو میں ملاقات بھی کی تھی تاہم اس ملاقات میں مبینہ طور پر ان کی برطانیہ منتقلی پر بات نہیں ہوئی۔
دوسری جانب سسیکس خاندان کی برطانیہ میں سکیورٹی بھی ایک اہم معاملہ بن گئی ہے۔ گزشتہ سال پرنس ہیری اپنی سکیورٹی سے متعلق قانونی چیلنج ہار گئے تھے جس کے بعد ان کی برطانیہ میں سکیورٹی کے انتظامات سابقہ شاہی حیثیت کے مقابلے میں محدود کر دیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پرنس ہیری اور لیڈی ڈیانا کے ذوق میں کیا فرق تھا؟
ابھی یہ واضح نہیں کہ برطانیہ میں خاندان کی سکیورٹی کے لیے کیا انتظامات کیے جائیں گے اور اس کے اخراجات کون برداشت کرے گا۔ برطانوی وزارت داخلہ کے مطابق شاہی خاندان اور اہم شخصیات کی سکیورٹی سے متعلق فیصلے متعلقہ حکومتی کمیٹی کرتی ہے۔
پرنس ہیری ماضی میں سکیورٹی خدشات کو اپنی اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ برطانیہ آنے میں ایک بڑی رکاوٹ قرار دے چکے ہیں۔














