پاکستان اور کویت نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے نئے معاہدے پر دستخط کردیے، جس کے تحت دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تربیت، استعداد کار بڑھانے، سرحدی انتظام اور دیگر دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
وزارتِ دفاع کے مطابق ’پروٹوکول معاہدہ 2026‘ پر اسلام آباد میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح نے دستخط کیے۔
یہ بھی پڑھیں: مکہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، وزیراعظم کا خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ
نیا معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود ’دفاعی تعاون معاہدہ 2023‘ کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرے گا۔ معاہدے کے تحت پاکستان کی مسلح افواج کویت کی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے لیے معاونت فراہم کریں گی، جبکہ سرحدی انتظام اور باہمی اتفاق سے طے پانے والے دیگر دفاعی شعبوں میں بھی تعاون کیا جائے گا۔
کویتی وزیر دفاع کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچا، جس نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعلقات، سلامتی کے معاملات اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک کویت دفاعی تعاون معاہدہ سیکیورٹی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جائےگا، پاکستان
وزارتِ دفاع کے مطابق نیا معاہدہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ دفاعی تعلقات کی بنیاد بننے والے باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کا عکاس ہے۔
دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ باہمی سلامتی، علاقائی امن اور استحکام کے لیے دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
کویتی وزیر دفاع کی آرمی چیف سے ملاقات
اس سے قبل کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح کی قیادت میں وفد نے راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی مفاد میں دفاعی تعاون کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کویتی وزیر دفاع کی ملاقات، علاقائی سلامتی و دوطرفہ دفاعی امور پر تبادلہ خیال
کویتی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل کارکردگی اور قابلِ قدر خدمات کو سراہا۔
ملاقاتوں اور نئے معاہدے کے ذریعے پاکستان اور کویت نے اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور دیرپا دفاعی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، جس سے خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے دونوں ممالک کے تعاون کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔














