اسحاق ڈار کی سعودی اور ترک وزرائے خارجہ سے گفتگو، علاقائی صورتحال اور آر فور اجلاس پر تبادلہ خیال

جمعہ 28 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور حاقان فیدان سے الگ الگ ٹیلی فونک گفتگو کی، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور آئندہ ہونے والے آر فور اجلاس سمیت اہم سفارتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے گفتگو کے دوران موریطانیہ کے اسماعیل ولد شیخ احمد کے اتفاقِ رائے سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا نیا سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر انہیں مبارکباد دی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو میں آر فور کے آئندہ اجلاس سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب میں پاکستانی سفیر کی وزیر خارجہ سے ملاقات، پاک سعودی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور

بعد ازاں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ وزارت خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے آئندہ سفارتی روابط اور مصروفیات پر بھی بات کی، جن میں آر فور کا آنے والا اجلاس بھی شامل ہے۔

وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان علاقائی معاملات پر قریبی مشاورت جاری ہے، جبکہ اسحاق ڈار کی دونوں وزرائے خارجہ سے گفتگو میں علاقائی پیش رفت کے تناظر میں باہمی رابطے اور تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز رہی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp