آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے خطے کے داخلی و خارجی راستے اور انٹرنیٹ سروسز آئندہ 2 روز میں بحال کرنے کا اعلان کردیا۔
اپنے عہدے کا منصب سنبھالنے کے بعد سینٹرل پریس کلب کے پہلے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام داخلی و خارجی راستے 48 گھنٹوں میں مکمل طور پر کھول دیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ سروس بھی مرحلہ وار بحال کی جائے گی، جس کے پہلے مرحلے میں تعلیمی اداروں کو ترجیح دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:روزگار، تعلیم، صحت اور ڈیجیٹل معیشت، افتخار گیلانی کا آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے روڈ میپ سامنے آگیا
وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کی بنیادی ترجیحات بہتر طرز حکمرانی اور تحریک آزادی کشمیر ہیں۔ عوامی مسائل کے فوری حل، انتظامی امور میں بہتری اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تیزی سے اقدامات کیے جائیں گے۔
بیرسٹر افتخار گیلانی مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حیثیت سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں 30 ووٹ حاصل کرکے خطے کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔












