نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے درمیان میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے لیے طلبہ کے رجسٹریشن نظام کو مربوط کرنے کے سلسلے میں ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں داخلہ کے امیدوار طلبا و طالبات سے انتہائی ذاتی معلومات کیوں پوچھی جارہی ہیں؟
معاہدے کے تحت دونوں اداروں کے درمیان محفوظ اور باہمی ڈیٹا ایکسچینج میکانزم قائم کیا جائےگا، جس کے ذریعے نادرا اپنے ریکارڈ سے طلبہ کی بنیادی معلومات، بشمول مکمل نام، والد کا نام اور تاریخ پیدائش، براہ راست بورڈ کو فراہم کرےگا۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد طلبہ کی رجسٹریشن کے دوران معلومات میں موجود غلطیوں اور تضادات کو کم کرنا، انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانا اور درست و قابلِ تصدیق تعلیمی اسناد کے اجرا کو یقینی بنانا ہے۔
اس شراکت داری کے تحت ایک محفوظ ڈیجیٹل والٹ بھی تیار کیا جائے گا، جس کے ذریعے طلبہ اپنی تعلیمی اسناد تک رسائی حاصل کرنے، انہیں محفوظ رکھنے اور ضرورت کے مطابق ڈیجیٹل طور پر شیئر کرنے کے قابل ہوں گے۔
یہ تعاون نادرا کے اس وسیع تر اقدام کا حصہ ہے جس کا مقصد قومی شناختی نظام اور تعلیمی ریکارڈز کو باہم مربوط کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت نادرا ملک بھر کے ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈز، جامعات اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے درمیان ڈیجیٹل ڈیٹا شیئرنگ کے نظام کو مرحلہ وار مزید مربوط اور مؤثر بنانے کے لیے کام کررہا ہے۔
مزید پڑھیں: طلبا و طالبات کے لیے خوشخبری، لیپ ٹاپ اسکیم کے نئے مرحلے کا آغاز
معاہدے پر دستخط کی تقریب نادرا ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈاکٹر اکرام علی ملک اور چیئرمین نادرا نے شرکت کی۔













