شمالی وزیرستان میں 9 جنگجو ہلاک، شام میں 10 سال گزارنے والا ایرانی شہری بھی شامل

پیر 7 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شمالی وزیرستان میں گزشتہ روز پاکستانی فورسز کی کارروائی کے دوران 9 جنگجو ہلاک کیے گئے، جن میں ایک ایرانی شہری بھی شامل بتایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:شمالی وزیرستان میں دراندازی کی کوشش ناکام، فتنۃ الخوارج کے 15 دہشتگرد ہلاک

تفصیلات کے مطابق ایرانی شہری نے قریباً 16 سال کی عمر میں 2014 میں شام میں مسلح سرگرمیوں کا آغاز کیا اور القاعدہ سے وابستہ گروپ جبہۃ الفتح الشام کے ساتھ رہا، بعد ازاں تحریر الشام سے بھی وابستہ رہا۔

بتایا جا رہا ہے کہ مذکورہ شخص نے شام میں ایک شامی خاتون سے شادی کی، جس سے اس کی 2 بیٹیاں ہیں۔ شام سے نکلنے کے فیصلے کے بعد اہلیہ کے ساتھ سفر پر آمادہ نہ ہونے پر اس نے اسے طلاق دے دی اور اپنے سفر کو جاری رکھا۔

مزید پڑھیں:شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 27 دہشتگرد ہلاک

شام میں مذکورہ شخص کا نام جعفر جبکہ پاکستان میں محمد فاتح استعمال کیا جاتا تھا۔ وہ قریباً 8 ماہ سے تحریک طالبان پاکستان سے وابستہ تھا اور کچھ عرصہ بلوچستان کے علاقے مکران میں بھی موجود رہا۔ بعد ازاں وہ شمالی وزیرستان میں سفر کے دوران دیگر 8 ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp