انگلینڈ کے خلاف کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز انگلش ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 453 رنز کا پہاڑ کھڑا کر کے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔
دن کے اختتام پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز بنا لیے ہیں، تاہم قومی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے اور انگلینڈ کی برتری ختم کرنے کے لیے اب بھی 268 رنز درکار ہیں۔
انگلینڈ کی شاندار بلے بازی
ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلش بلے بازوں نے پاکستانی باؤلرز کو دباؤ میں رکھا اور تیزی سے رنز بنائے۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 89 اوورز میں 453 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ انگلش مڈل آرڈر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:برمنگھم ٹیسٹ: پہلے دن کا کھیل ختم، انگلینڈ کے پاکستان کے 133رنز کے جواب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز
انگلینڈ کی طرف سے ہیری بروک نے 75 رنز کی جارحانہ اننگز جبکہ جیمی اسمتھ نے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ڈین لارنس بھی پیچھے نہ رہے انہوں نے 65 رنز کی اننگز کھیلی، اسی طرح ایمیلیو گے نے بھی 60 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 453 رنز تک پہنچا دیا۔
نچلے آرڈر میں اولی رابنسن نے 50 گیندوں پر تیز رفتار 50 رنز بنائے جبکہ جوفرا آرچر 32 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر رضا اللہ نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں تاہم وہ خاصے مہنگے ثابت ہوئے اور انہوں نے 148 رنز دیے۔ محمد عمران اور محمد علی نے 2 ، 2 جبکہ محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی دوسری اننگز کا مایوس کن آغاز
پہلی اننگز کے 320 رنز کے بھاری خسارے کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی پاکستانی ٹیم کی شروعات ایک بار پھر انتہائی تباہ کن تھی۔
اننگز کے پہلے ہی اوور میں انگلش فاسٹ باؤلر اولی رابنسن نے پاکستانی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی، صائم ایوب اننگز کی پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہوئے۔عبداللہ شفیق بھی اوور کی چوتھی گیند پر صفر کے اسکور پر جو روٹ کو کیچ دے بیٹھے۔
صفر پر 2 اہم وکٹیں گرنے کے بعد نوجوان اوپنر اذان اویس اور شان مسعود نے صورتحال کو سنبھالا اور دن کے اختتام تک مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا۔ اسٹمپس تک اذان اویس 29 اور شان مسعود 21 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
مزید پڑھیں:تیسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان اسکواڈ میں بڑی تبدیلیاں متوقع، صائم ایوب سمیت 6 کھلاڑیوں کی طلبی کا امکان
بارش کے باعث میچ وقت سے پہلے ختم کردیا گیا، اب تیسرے روز کا کھیل کل جمعہ کو شروع کا جائے گا۔
پہلی اننگز کا احوال
واضح رہے کہ اس سے قبل میچ کے پہلے روز پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں محض 33.5 اوورز میں 133 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
سعود شکیل 43 اور محمد عباس 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے جبکہ کپتان بابر اعظم صرف 7 رنز بنا سکے تھے۔
انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے 4، جبکہ اولی رابنسن اور جوفرا آرچر نے 3، 3 وکٹیں حاصل کر کے پاکستانی بیٹنگ لائن کو بے بس کر دیا تھا۔
تیسرے دن کا کھیل پاکستان کے لیے بقا کی جنگ ہوگا۔ اذان اویس اور شان مسعود پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ایک طویل شراکت داری قائم کریں، ورنہ 268 رنز کا خسارہ اور انگلش باؤلنگ اٹیک پاکستان کو ایک بڑی شکست سے دوچار کر سکتا ہے۔














