سابق ہاکی کپتان اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ خالد محمود انتقال کر گئے، انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا اظہارِ افسوس

جمعہ 11 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے سابق ہاکی کپتان، اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور عالمی چیمپئن خالد محمود انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال پر قومی اور عالمی ہاکی حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

خالد محمود پاکستان کے ان عظیم کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہوں نے قومی ہاکی ٹیم کو عالمی سطح پر کامیابیاں دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ 1964 کے ٹوکیو اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے، جبکہ 1968 کے میکسیکو اولمپکس میں پاکستان نے ان کی موجودگی میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔

خالد محمود نے 1971 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کی کپتانی کی اور فاتح رہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان ہاکی کا زوال کیسے ختم ہوگا؟

خالد محمود 1971 میں پاکستان کے کپتان بھی رہے اور اسی سال پاکستان نے ایمسٹرڈیم کے قریب ایمسٹلوین میں کھیلے گئے پہلے ہاکی ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ان کا شمار پاکستان کے نمایاں دائیں بازو کے کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے 130 بین الاقوامی میچز کھیلے اور 19 گول کیے۔

ان کی قیادت اور کھیل میں خدمات صرف اولمپکس اور ورلڈ کپ تک محدود نہیں رہیں۔ خالد محمود نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری اور قومی ٹیم کے منیجر کی حیثیت سے بھی کھیل کی خدمت جاری رکھی۔ انہیں 1968 میں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے صدر نے خالد محمود کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے انہیں پاکستانی ہاکی کا لیجنڈ اور کھیل کا حقیقی چیمپیئن قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ خالد محمود 1968 کے اولمپک گولڈ کے ساتھ 1971 میں پہلے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کی فاتح پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے۔

ایف آئی ایچ صدر کے مطابق کھیل سے ان کی وابستگی بحیثیت کھلاڑی ختم نہیں ہوئی بلکہ منیجر کی حیثیت سے بھی انہوں نے اسی جذبے، قیادت اور لگن کے ساتھ خدمات انجام دیں، جس کے باعث ہاکی برادری میں انہیں بے پناہ احترام حاصل تھا۔

ایشیئن ہاکی فیڈریشن نے بھی خالد محمود کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے سابق کپتان اور 1971 کے پہلے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں ملک کو فتح دلانے والے کھلاڑی کے طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پاکستان ہاکی ٹیم 1971 کے ورلڈ کپ فائنل میں ورلڈکپ ٹرافی کے ہمراہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی سابق ہاکی کپتان اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ خالد محمود کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے قومی ہاکی کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے سوگوار خاندان سے تعزیت اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت و بلندی درجات کی۔

مزید پڑھیں:جب پاکستان ہاکی نے ارجنٹائن کو عالمی فٹبال کپ جتوایا

خالد محمود کی کھیل، قیادت اور انتظامی خدمات پاکستانی ہاکی کی تاریخ کا اہم باب ہیں، جبکہ اولمپک اور عالمی سطح پر ان کی کامیابیاں آنے والی نسلوں کے لیے ایک یادگار ورثہ رہیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp