پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کیسے حاصل کریں؟ حکومت نے طریقہ کار جاری کردیا

اتوار 13 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر خصوصی ریلیف سکیم کا جدید ڈیجیٹل سسٹم فعال کر دیا ہے۔

شہری اب اپنے موبائل فون سے ایک سادہ ایس ایم ایس کے ذریعے اس سکیم میں رجسٹریشن کروا کر شفاف اور خودکار طریقے سے سستا پیٹرول حاصل کر سکتے ہیں۔

عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے یہ جدید نظام وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام، نادرا، صوبائی محکموں اور ٹیلی کام آپریٹرز کے باہمی اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیرِاعظم شہباز شریف کا بڑا فیصلہ، موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر خصوصی ریلیف کا اعلان

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر شروع کی گئی اس سکیم کا بنیادی مقصد معاشی مشکلات کے شکار محنت کش طبقے اور عام شہریوں کو براہِ راست ریلیف فراہم کرنا ہے۔

 حکومت کی کوشش ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سبسڈی کسی رکاوٹ کے بغیر صرف حقداروں تک پہنچے۔

سبسڈی کا مخصوص کوٹہ اور گاڑیوں کی تصدیق

اس خصوصی اسکیم کے تحت موٹرسائیکل اور چنگچی رکشہ مالکان ماہانہ 20 لیٹر، جبکہ 800 سی سی تک انجن کی صلاحیت رکھنے والی گاڑیوں کے مالکان ماہانہ 30 لیٹر تک سستا پیٹرول حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔

کسی بھی قسم کی خرد برد یا غلطی کو روکنے کے لیے حکومت نے صوبائی ٹرانسپورٹ اور ایکسائز محکموں کے تعاون سے گاڑیوں کی تصدیق کے عمل کو مکمل طور پر خودکار بنا دیا ہے۔

رجسٹریشن کا انتہائی آسان طریقہ کار

اس اسکیم سے مستفید ہونے کے خواہشمند شہریوں کو لازمی طور پر اپنے نام پر رجسٹرڈ موبائل سم سے ایک مخصوص پیغام بھیجنا ہوگا۔

موبائل کے میسج آپشن میں جا کر سب سے پہلے انگریزی میں ’REG‘ لکھ کر ایک اسپیس دیں، پھر بغیر ڈیش کے اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھیں، دوبارہ اسپیس دے کر گاڑی کا نمبر (بغیر ڈیش اور اسپیس کے) درج کریں، پھر اسپیس دے کر صوبے کا کوڈ اور آخر میں اسپیس کے ساتھ گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ لکھ کر بھیج دیں۔

کوائف کی کامیابی سے تصدیق ہونے کے بعد درخواست گزار کو ایک تصدیقی میسج موصول ہو جائے گا۔

سستے پیٹرول کے لیے ٹوکن کا حصول

رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد پیٹرول پمپ جانے سے قبل شہریوں کو سستے پیٹرول کا ٹوکن حاصل کرنا ہوگا۔ اس کے لیے انہیں اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبر سے ’TOK‘ لکھ کر 9771 پر ایس ایم ایس کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے پر وفاقی حکومت نے سبسڈی واپس لے لی

جوابی میسج میں ایک فیول ٹوکن موصول ہوگا جسے منتخب شدہ پیٹرول پمپ پر دکھا کر اور تصدیق کروا کر سستا پیٹرول خریدا جا سکے گا۔

اسکیم کے باقاعدہ آغاز کا شیڈول

حکومت کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد کی حدود میں اس اسکیم کے تحت سستے پیٹرول کی فراہمی پیر اور منگل کی درمیانی شب سے شروع کر دی جائے گی۔

دوسری جانب ملک بھر کے دیگر تمام پیٹرول پمپس پر یہ ریلیف بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے دستیاب ہوگا۔

وزیرِ اعظم نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے مالی بوجھ کو کم کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp