عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما نے ٹریان وائٹ کو سوتیلی بیٹی تسلیم کرلیا

ہفتہ 19 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنی دوسری شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے ٹریان وائٹ کو اپنی ’سوتیلی بیٹی‘ قرار دے دیا، جبکہ ٹریان نے شادی کی تقریب میں ان کی میڈ آف آنر کے طور پر ذمہ داریاں انجام دیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جمائما گولڈ اسمتھ نے آئرش نژاد آسٹریلوی فنانسر کیمرون او ریلی کے ساتھ 12 ستمبر کو ہونے والی نجی شادی کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کی ہیں۔ تقریب میں دونوں خاندانوں کے بچوں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

جمائما نے اپنی پوسٹ میں کیمرون کی بیٹیوں شاہ اور تارا او ریلی کو برائیڈز میڈز جبکہ ٹریان وائٹ کو اپنی ’قیمتی سوتیلی بیٹی‘ قرار دیتے ہوئے میڈ آف آنر بنانے کا ذکر کیا۔ ان کے بیٹے سلیمان اور قاسم خان نے بھی شادی کی تقریب میں اپنی والدہ کو ایزل تک پہنچایا۔

یہ بھی پڑھیں:’دوسروں کو گھیرنے نکلے تھے، خود ہی پھنس گئے‘، جیمائما کا خواجہ آصف کو جواب

ٹریان وائٹ امریکی خاتون سیتا وائٹ کی بیٹی ہیں۔ سیتا وائٹ کے انتقال کے بعد ٹریان کی پرورش اور دیکھ بھال میں جمائما کا اہم کردار رہا ہے۔ ٹریان کے حوالے سے عمران خان کے ساتھ طویل عرصے سے قانونی اور خاندانی تنازع بھی موجود رہا ہے، جبکہ عمران خان نے ٹریان کو اپنی بیٹی تسلیم نہیں کیا۔

جمائما اور عمران خان کی شادی 1995 میں ہوئی تھی اور دونوں 2004 میں علیحدہ ہوگئے تھے۔ اس شادی سے ان کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں۔

جمائما کی دوسری شادی کی تصاویر میں انہیں کیمرون او ریلی کے ساتھ اہل خانہ اور دوستوں کے ہمراہ دیکھا جاسکتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق کیمرون کے بیٹے ایلیٹ اور آسکر نے ان کی جانب سے شادی میں ’بیسٹ مین‘ کی ذمہ داریاں انجام دیں، جبکہ دیگر اہل خانہ بھی تقریب میں شریک تھے۔

جمائما نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے شادی کو یادگار بنانے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ کیمرون او ریلی آئرش-آسٹریلوی کاروباری شخصیت ہیں اور ان کے والد سر انتھونی او ریلی معروف آئرش کاروباری اور میڈیا شخصیت تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp