پاکستان نے 2026 ایشین گیمز ویمنز کرکٹ مقابلے کے تیسری پوزیشن کے میچ میں بنگلہ دیش کو 31 رنز سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔
منگل کو کوروگی اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز: دفاعی چیمپیئن قومی ویمنز کرکٹ ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی
بنگلہ دیش کی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کو بڑا اسکور بنانے سے روکے رکھا۔
پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر ناقابلِ شکست 45 رنز بنائے، جس میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
اوپنر گل فیروزہ نے 23 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی اور 6 چوکے لگائے۔
BRONZE BELONGS TO PAKISTAN! 🥉
Pakistan posted 145/8 before restricting Bangladesh to 114/7, sealing a 31-run victory and the Asian Games 2026 bronze medal. A proud podium finish for the Women in Green! #AsianGames2026 pic.twitter.com/20tTvWO3Sv— CrickBuster (@Crick_buster) September 22, 2026
عالیہ ریاض نے 22 گیندوں پر 25 رنز بنائے، جس میں ایک چوکا اور 2 چھکے شامل تھے، جبکہ اوپنر شوال ذوالفقار 27 گیندوں پر 17 رنز بنا سکیں۔
سائرہ جبین 5، عائشہ ظفر 9 اور طوبیٰ حسن 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، جبکہ ایمن فاطمہ کوئی رن نہ بنا سکیں۔
بنگلہ دیش کی جانب سے ریتو مونی، شرنا اختر اور ناہیدہ اختر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سنجیدہ اختر میگھلا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان نے تھائی لینڈ کو شکست دے کر ایشین گیمز کرکٹ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی
146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز ہی بنا سکی, یوں پاکستان نے 31 رنز سے کامیابی حاصل کرکے کانسی کا تمغہ جیت لیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شمیم اختر نے مزاحمتی اننگز کھیلتے ہوئے 45 گیندوں پر ناقابلِ شکست 46 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے بھی شامل تھے۔
کپتان نگار سلطانہ نے 30 گیندوں پر 25 جبکہ اوپنر دلارا اختر نے 8 گیندوں پر 12 رنز بنائے۔

شرنا اختر 6، جوئیریا فردوس اور رابیہ خان 4، 4، ریتو مونی 3 اور سوبھانا موستری 2 رنز بنا سکیں، جبکہ ناہیدہ اختر 10 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان کی جانب سے اُمِ ہانی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 10 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تسمیہ رباب، فاطمہ ثنا، نَشرا سندھو اور عائشہ ظفر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔












