کوک اسٹوڈیو کے نئے پلیٹ فارم نیو ڈاٹ ویو میں عاصم اظہر کی شمولیت کے اعلان کے بعد ان کے مداحوں کو نئے گانے کا بے صبری سے انتظار تھا، جو بالآخر ختم ہوگیا۔
عاصم اظہر کا نیا گانا ’ماہیا‘ اب ریلیز کردیا گیا ہے، جس میں ابھرتی ہوئی گلوکار آریان نے بھی آواز کا جادو جگایا ہے۔
گانے کی موسیقی اور ویڈیو ایک ایسے عاشق کی درد بھری داستان پیش کرتی ہے جو اپنی محبوبہ کی محبت میں سب کچھ کھو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوک اسٹوڈیو کا نیا میوزک پلیٹ فارم ’نیو ویوو‘ متعارف، 6 نئے گانے جاری کرنے کا اعلان
’ماہیا‘ کوک اسٹوڈیو نیو ڈاٹ ویو کی تیسری پیشکش ہے، اس سے قبل گزشتہ ماہ زوہا وسیم، افیوزک اور علی سومرو کا گانا ’دل‘ ریلیز ہوا تھا، جبکہ حسن رحیم اور عز چغتائی نے ’رنگین‘ کے ذریعے اس پلیٹ فارم میں ایک منفرد رنگ شامل کیا۔
’ماہیا‘ کی ویڈیو ایک بچے سے شروع ہوتی ہے جو بے صبری سے کرسی پر بیٹھا ہے اور اس کے چہرے پر میک اپ کیا جا رہا ہے۔
https://t.co/jjuqKZnyK5#cokestudio #asimazhar #nu.wav #desivibe
— DesiVibe.com (@DesiVibe) October 2, 2026
اس کا والد اسے پرسکون رہنے کی ہدایت کرتا ہے، اسی دوران کیمرہ عاصم اظہر کی جانب منتقل ہوتا ہے، جو ایک مراقبے کی کیفیت میں فضا میں معلق دکھائی دیتے ہیں۔
ویڈیو بعد ازاں بلیک اینڈ وائٹ مناظر میں تبدیل ہوجاتی ہے، جہاں عاصم اظہر کو ایک میک اپ چیئر پر بیٹھے دکھایا جاتا ہے، جو ابتدائی منظر میں نظر آنے والے بچے کی طرف اشارہ محسوس ہوتا ہے۔
کہانی 1955 میں بننے والی ایک فلم کے پس منظر میں آگے بڑھتی دکھائی دیتی ہے، جس میں عاصم اظہر ایک پلے بیک گلوکار کے کردار میں نظر آتے ہیں۔
مزید پڑھیں: بھارتی کوک اسٹوڈیو میں جادو کیوں نہیں؟ عاطف اسلم نے اصل وجہ بتادی
فلم میں ایک شخص پنجرے میں موجود ایک کردار کو مصنوعی دل کے ذریعے زندہ رکھنے کی کوشش کرتا دکھائی دیتا ہے، جس سے ویڈیو میں ایک پراسرار اور قدرے سائنسی فکشن کا تاثر پیدا ہوتا ہے۔
عاصم اظہر کو آٹوگراف دیتے ہوئے دکھایا جاتا ہے، اسی دوران آریان کی منظر میں آمد ہوتی ہے، اس کے بعد کہانی مختلف واقعات سے گزرتی ہوئی دوبارہ اسی مقام پر پہنچتی ہے جہاں سے ویڈیو کا آغاز ہوا تھا، اور بچے کا والد عاصم اظہر کے پیچھے کھڑا نظر آتا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی کی وہ دکان جس نے کوک اسٹوڈیو کو 13 سیزنز تک موسیقی کے آلات فراہم کیے
گلوکار نے گانے کی ریلیز کے موقع پر انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام بھی شیئر کیا اور کوک اسٹوڈیو کے ساتھ اپنے سفر کو یاد کیا، جس کا آغاز تقریباً ایک دہائی قبل ان کے معروف گانے ’تیرا وہ پیار‘ سے ہوا تھا۔
کوک اسٹوڈیونیو ڈاٹ ویو کے آغاز کے بعد سے اس پلیٹ فارم نے خاصی توجہ حاصل کی ہے، اس کی بنیادی توجہ روایتی کوک اسٹوڈیو فارمیٹ سے ہٹ کر تجرباتی موسیقی اور نوجوان و ابھرتے ہوئے فنکاروں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے پر ہے۔
نو ڈاٹ ویو کے پہلے ایڈیشن میں متنوع فنکاروں کی ایک بڑی فہرست شامل ہے، جن میں شائے گل، ثبات باطن، منو اور ینگ اسٹنرز بھی شامل ہیں۔














