این او سی کا مسئلہ یا بھارتی تنازع؟ پاکستان چیمپیئنز ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز سے باہر

ہفتہ 3 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہ کیے جانے کے باعث پاکستان چیمپیئنز ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز سے باقاعدہ باہر ہو گئی ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں شارقہ میں بنگلہ دیش کے خلاف ان کا مقررہ میچ بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں جمعہ سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان چیمپیئنز کا پہلا مقابلہ بنگلہ دیش کے خلاف طے تھا۔ تاہم کرکٹ بورڈ کی جانب سے اجازت نامہ نہ ملنے پر یہ میچ منسوخ کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں:ایشین گیمز: جی ایم بشیر نے ریپڈ فائر پسٹل میں کانسی کا تمغہ جیت لیا، پاکستان کے تمغوں کی تعداد 6 ہو گئی

اس پیشرفت کے بعد ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی اور سابق کپتان سرفراز احمد نے دبئی نہ جانے کا فیصلہ کیا، جبکہ پاکستان کے کئی دیگر کھلاڑی پہلے ہی متحدہ عرب امارات پہنچ چکے تھے۔

ٹیم کا نام بدلنے کی تجویز اور پی سی بی کا انکار

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹورنامنٹ میں شرکت کو ممکن بنانے کے لیے ٹیم مالکان نے ’پاکستان چیمپیئنز‘ کا نام تبدیل کرنے کی تجویز بھی پیش کی تھی، لیکن پی سی بی نے اس تجویز کو بھی مسترد کر دیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل میڈیا میں یہ خبر شائع ہو ئی تھی کہ ٹیم کو این او سی ملنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔

بھارتی ٹیم کا مؤقف اور این او سی نہ دینے کی درپردہ وجہ

گزشتہ سال بھارتی ٹیم نے پاکستان چیمپیئنز کے خلاف کھیلنے سے 2 مرتبہ انکار کر دیا تھا، جس میں بھارت کے سابق اوپنر شیکھر دھون نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

موجودہ شیڈول کے مطابق 10 اکتوبر کو دبئی میں پاکستان اور بھارت کا اہم میچ ہونا تھا، جس میں عرفان پٹھان، یوسف پٹھان اور ہربھجن سنگھ جیسے معروف بھارتی کھلاڑی شامل ہیں۔

پی سی بی حکام کو خدشہ تھا کہ اگر پاکستان کے سابق عالمی کھلاڑیوں کو این او سی دے دیا جائے اور وہ بھارت کے خلاف میدان میں اترنے کی تیاری کریں، تو بھارتی ٹیم ایک بار پھر میچ سے دستبردار ہو سکتی ہے جس سے ایک نیا اور غیر ضروری تنازع کھڑا ہو جائے گا۔

مزید پڑھیں:پاکستان کی منیشہ علی کی شاندار فتح، انگولا کی فائٹر کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا

اس سے بچنے کے لیے بورڈ نے کھلاڑیوں کو اجازت نہ دینے کا حتمی فیصلہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق چند بااثر شخصیات نے پی سی بی کو اس فیصلے پر نظرثانی کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی لیکن ان کی تمام تر کاوشیں ناکام رہیں۔

ٹیم کے مالک کامل خان کا ردِعمل

دوسری جانب پاکستان چیمپیئنز کے مالک کامل خان کو اب بھی امید ہے کہ پی سی بی اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرے گا۔

ان کا کہنا تھا، ’ہم بنگلہ دیش کے خلاف میچ نہیں کھیل سکے، لیکن ہمیں اب بھی امید ہے کہ پی سی بی اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے گا۔ کھلاڑیوں نے مقررہ طریقہ کار کے مطابق درخواستیں جمع کرائی تھیں اور ہم اب بھی ایک مثبت فیصلے کے منتظر ہیں‘۔

کامل خان نے مزید کہا کہ پی سی بی ان کا اپنا قومی کرکٹ بورڈ ہے اور وہ کسی بھی صورت بورڈ کے فیصلے کی خلاف ورزی نہیں کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp