پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز کاروبار کے دوران خریداری کا رجحان برقرار رہا، جہاں انڈیکس تقریباً 700 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 169 ہزار کی سطح سے تجاوز کرگیا۔
دوپہر 12 بج کر 50 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 686.85 پوائنٹس یعنی 0.41 فیصد اضافے کے بعد 169,146.95 پوائنٹس پر موجود تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج میں خریداری کا رجحان، انڈیکس معمولی اضافے سے مثبت
کاروباری سیشن کے دوران مارکیٹ کے اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی، جن میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینک، آئل اینڈ گیس مارکیٹنگ کمپنیاں، بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں اور ریفائنریز شامل ہیں۔
اٹک ریفائرنریز، حبکو، پاکستان اسٹیٹ آئل، پاکستان آئل فیلڈز، مسلم کمرشل بینک، میزان بینک اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ جیسے انڈیکس پر نمایاں اثر رکھنے والے کئی بڑے اسٹاکس بھی مثبت زون میں کاروبار کرتے رہے۔
Market is up at midday 🚀
⏳ KSE 100 is positive by +325.72 points (+0.19%) at midday trading. Index is at 168,785.83 and volume so far is 113.42 million shares (12:00 PM) pic.twitter.com/XXAePaV9F9— Investify Pakistan (@investifypk) October 7, 2026
دوسری جانب ایک اہم پیش رفت میں ایف بی آر نے آئی ایم ایف کو آگاہ کیا ہے کہ آسان ٹیکس اسکیم کے تحت ریٹیلرز اور دکانداروں کی جانب سے صرف 1,016 ریٹرنز جمع کرائی گئی ہیں۔
یہ معاملہ پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی کے تحت چوتھے جائزے کے مذاکرات کے دوران سامنے آیا۔
مزید پڑھیں: مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی، اسٹاک ایکسچینج میں 1500 پوائنٹس کمی
گزشتہ روز یعنی منگل کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید تیزی دیکھی گئی تھی، عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں سے متعلق خدشات میں کمی اور گزشتہ سیشن کی نمایاں گراوٹ کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے کم قیمت پر حصص کی خریداری ریکارڈ کی گئی۔
عالمی مارکیٹ میں بدھ کو ایشیائی حصص قدرے دباؤ میں رہے، اگرچہ امریکی اسٹاک مارکیٹ نئی بلند ترین سطحوں پر پہنچ گئی۔

ایم ایس سی آئی کے ایشیا پیسیفک، جاپان کے علاوہ، حصص انڈیکس میں 0.3 فیصد کمی ہوئی، تاہم رواں ماہ اب تک یہ انڈیکس 1.5 فیصد بڑھ چکا ہے۔
امریکی مارکیٹ میں ایس اینڈ پی 500 منگل کو تقریباً 0.6 فیصد اضافے کے ساتھ نئی ریکارڈ سطح پر پہنچا، جبکہ ٹیکنالوجی اسٹاکس پر مشتمل نیس ڈیک میں 0.45 فیصد اضافہ ہوا اور ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج بھی 0.5 فیصد بڑھ گیا۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج میں فاؤنڈرز وال کا افتتاح، کیپٹل مارکیٹ میں عوامی شرکت بڑھانے پر زور
ایشیائی کاروبار کے دوران امریکی خام تیل کی قیمت 1.05 فیصد اضافے کے ساتھ 90.38 ڈالر فی بیرل جبکہ برینٹ خام تیل 1.06 فیصد بڑھ کر 101.65 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔
امریکی حصص میں مثبت رجحان کی ایک اہم وجہ عالمی بانڈ ییلڈز میں رات گئے آنے والا استحکام بھی قرار دیا گیا۔














