اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو ) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ترین ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی، تنازع کشمیر، سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور افغانستان سے درپیش دہشتگردی پر گفتگو کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اکتوبر 2026 کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات سے اہم ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں:اسحاق ڈار اور سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے درمیان رابطہ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور بین الاقوامی امن و استحکام کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر تفصیلی بحث کی گئی۔
کشمیر، سندھ طاس معاہدہ اور افغان سرحد سے سیکیورٹی چیلنجز
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کے استحکام اور درپیش اہم سیکیورٹی چیلنجز پر بھی کھل کر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر جموں کشمیر کے دیرینہ تنازع، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو التوا میں ڈالنے کے خدشات اور افغان سرزمین سے جنم لینے والی دہشتگردی کے خطرات پر گفتگو کی گئی۔

فریقین نے ان تمام امور کو خطے کی پائیدار سلامتی کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے مشترکہ حکمت عملی اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیا۔
عالمی امن میں پاکستان کا کردار اور آرمی چیف کے خیالات
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن و امان کی بحالی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاک فوج کی تاریخی شراکت اور گرانقدر خدمات کو اجاگر کیا۔
آرمی چیف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ دنیا بھر میں امن، استحکام اور انسانی تعاون کے فروغ کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا پاک فوج کو خراج تحسین
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دہشتگردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی عظیم قربانیوں اور خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

انتونیو گوتیرس نے بین الاقوامی امن و امان کے لیے پاکستان کے مسلسل اور غیر متزلزل عزم کا اعتراف کرتے ہوئے علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی و عسکری کوششوں کی خاص طور پر تعریف کی اور انہیں انتہائی قابلِ قدر قرار دیا۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم کی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ، سعودی وزیر خارجہ سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
واضح رہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے قیام کے بعد سے ہی اس کا ایک متحرک رکن رہا ہے اور عالمی سطح پر امن کی بحالی کے لیے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں سب سے زیادہ افواج بھیجنے والے ممالک میں شامل رہا ہے۔
دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج اور عوام نے بھاری جانی و مالی قربانیاں دی ہیں، جنہیں عالمی سطح پر ہمیشہ تسلیم کیا گیا ہے۔













