رجب بٹ کی اہلیہ کا عدالت سے رجوع، ماہانہ نان نفقہ اور جہیز کی واپسی کا مطالبہ

منگل 13 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف یوٹیوبر رجب بٹ کی ازدواجی زندگی سے متعلق معاملہ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا، اہلیہ ایمان فاطمہ نے اپنے اور بیٹے کیوان کے نان نفقے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

درخواست میں ماہانہ 7 لاکھ روپے خرچ کی ادائیگی کے علاوہ تقریباً 88 لاکھ روپے مالیت کا جہیز واپس دلانے کی استدعا بھی کی گئی ہے جس پر عدالت نے رجب بٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 30 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: بیٹے کی پہلی سالگرہ پر ایمان کا اپنے شوہر رجب بٹ کے نام جذباتی پیغام، کیا اپیل کی؟

ایمان فاطمہ کی جانب سے لاہور کی گارڈین کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شادی کے چند ماہ بعد ہی رجب بٹ نے انہیں گھر سے نکال دیا اور طلاق کا نوٹس بھی بھجوا دیا تاہم درخواست گزار کے مطابق طلاق تاحال قانونی طور پر مؤثر نہیں ہوئی۔

درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شادی کے موقع پر ایمان فاطمہ کے والدین نے تقریباً 87 لاکھ 92 ہزار روپے مالیت کا جہیز دیا تھا جو تاحال واپس نہیں کیا گیا۔ ایمان فاطمہ نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ جہیز کا سامان واپس دلانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: رجب بٹ اور سعدیہ بلوچ کے درمیان کیا تعلق ہے؟ یوٹیوبر نے حقیقت بتا دی

درخواست گزار کے مطابق رجب بٹ سے ان کا ایک بیٹا کیوان سلطان بھی ہے جس کے اخراجات ادا نہیں کیے جا رہے۔ ایمان فاطمہ نے درخواست میں رجب بٹ کی ماہانہ آمدن کروڑوں روپے بتاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ اپنے اور بیٹے کے اخراجات پورے کرنے کے لیے مناسب نان نفقے کی حق دار ہیں۔

ایمان فاطمہ نے عدالت سے بیٹے کیوان کے لیے ماہانہ 5 لاکھ روپے جبکہ اپنے لیے 2 لاکھ روپے نان نفقہ مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر 7 لاکھ روپے ماہانہ ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صلح کا کوئی امکان نہیں، یوٹیوبر رجب بٹ نے ایمان فاطمہ سے تعلق ختم کرنے کا اعلان کردیا

واضح رہے کہ رجب بٹ اور ایمان فاطمہ کی شادی دسمبر 2024 میں ہوئی تھی جس کی تقریبات سوشل میڈیا پر خاصی مقبول ہوئی تھیں۔ ستمبر 2025 میں دونوں کے ہاں بیٹے کیوان سلطان کی پیدائش ہوئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp