خیبر پختونخوا میں جلد امن و ترقی کا دور شروع ہوگا، مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور

بدھ 14 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر خیبر پختونخوا کی مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی نئی قیادت کے اقدامات اور پالیسیوں کے نتیجے میں صوبے میں پہلے مکمل امن قائم ہوگا، اس کے بعد ترقی کا سفر شروع ہوگا۔

مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور نے ‘وی نیوز’ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں سیکیورٹی فورسز اور عوام کے مورال میں واضح بہتری آئی ہے اور جلد ہی گراؤنڈ پر بھی حالات میں نمایاں بہتری نظر آئے گی۔

ثمر ہارون بلور نے خیبر پختونخوا کی امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا ’خیبر پختونخوا کو ماضی میں جس آگ اور بدامنی میں دھکیلا گیا تھا، اس کے تناظر میں اب جو جامع اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ان کے نتیجے میں صوبے میں پہلے مکمل امن قائم ہوگا اور اس کے بعد ترقی کے سفر کا آغاز ہوگا۔ ‘ انہوں نے کہا کہ ہماری زیادہ توجہ قبائلی علاقوں پر ہے، اس لیے وہاں الگ سیٹ اپ قائم کردیا گیا ہے۔ تاکہ وہاں تمام کام تیز رفتاری اور اپنی ترتیب کے ساتھ چلیں۔ وہاں کے کام کسی پیپر ورک یا بیوروکریٹک رکاوٹ سے نہ پھنسیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم اپنی کارکردگی کے لیے ایک واضح روڈ میپ اور جامع پلان تیار کر کے عوام کے سامنے پیش کریں گے اور خود کو عوام کی عدالت میں احتساب کے  لیے پیش کریں گے۔‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں وفاق کی طرف سے فنڈز بھی ملیں گے اور سپورٹ بھی حاصل ہوگی۔

انہوں نے گورنر کی مشاورتی کونسل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کونسل میں شامل افراد بغیر کسی ذاتی غرض، مفاد یا لالچ کے صرف خیبر پختونخوا کے عوام کی خدمت کے لیے آگے آئے ہیں۔

ثمر ہارون بلور کے مطابق یہ تمام شخصیات اعلیٰ تعلیم یافتہ، شریف اور مکمل طور پر غیر متنازع ہیں، جو اپنے وسیع تجربے، علم اور دانش کو عوام کی بہتری اور صوبے کی فلاح و ترقی کے لیے استعمال کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp