کراچی: منکی پاکس سے بچہ جاں بحق، صوبے میں متاثرین کی تعداد 98 ہوگئی، اموات کی شرح 12 فیصد سے زیادہ

ہفتہ 24 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں منکی پاکس (ایم پاکس) سے متاثرہ ڈیڑھ سالہ بچے کے انتقال نے ایک بار پھر اس بیماری سے متعلق تشویش بڑھا دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں 20 روزہ بچے کو منکی پاکس کیسے ہوا؟ غیر قانونی اسپتال سیل، طبی انتظامات پر سنگین سوالات

ملیر سے تعلق رکھنے والے بچے کو چند روز قبل ایک نجی اسپتال سے متعدی امراض کے مرکز نیپا منتقل کیا گیا تھا جہاں دورانِ علاج اس کی موت ہوگئی۔

اس واقعے کے بعد سندھ میں رواں سال منکی پاکس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 12 ہوگئی ہے جبکہ صوبے میں اب تک بیماری کے مجموعی طور پر 98 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

اسپتال کے ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کا تعلق کراچی کے علاقے ملیر سے تھا۔ طبیعت خراب ہونے پر اسے چند روز قبل ایک نجی اسپتال سے متعدی امراض کے مرکز واقع نیپا چورنگی منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری تھا۔

ترجمان نے بچے کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ منکی پاکس سے متاثر تھا اور دوران علاج دم توڑ گیا۔

مزید پڑھیے: جنوبی پنجاب میں منکی پاکس کا پھیلاؤ، 4 مریض اسپتال داخل، الرٹ جاری

کم عمر بچے کی موت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سندھ میں اس بیماری کے نئے کیسز بھی رپورٹ ہورہے ہیں۔

ایک ہفتے میں منکی پاکس کے مزید 7 کیسز سامنے آگئے

محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سندھ میں منکی پاکس کے مزید 7 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ نئے کیسز میں کراچی سب سے زیادہ متاثر ہے جس کے بعد حکام کی جانب سے بیماری کی صورت حال پر نظر رکھی جارہی ہے۔

رواں سال صوبے میں سامنے آنے والے 98 کیسز اور 12 اموات کے اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بیماری کی نگرانی اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد اہم ہے۔

منکی پاکس سے بچاؤ کے لیے کن باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے؟

منکی پاکس ایک متعدی بیماری ہے جو عموماً متاثرہ شخص کے ساتھ قریبی رابطے، جلد پر موجود دانوں یا زخموں سے براہ راست رابطے اور آلودہ ذاتی اشیا کے ذریعے پھیل سکتی ہے۔

ماہرین صحت کی جانب سے عمومی احتیاطی ہدایات

ہاتھوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

مشتبہ یا متاثرہ شخص کے دانوں، زخموں اور جسمانی رطوبتوں سے براہ راست رابطے سے گریز کریں۔

مزید پڑھیں: سندھ میں منکی پاکس کے کیسز میں اضافہ، 9 اموات کی تصدیق

متاثرہ شخص کے زیرِ استعمال تولیے، کپڑوں، بستر اور دیگر ذاتی اشیا مشترکہ طور پر استعمال نہ کریں۔

جسم پر غیر معمولی دانے یا دیگر مشتبہ علامات ظاہر ہونے پر ڈاکٹر سے رجوع کریں اور طبی ہدایات پر عمل کریں۔

منکی پاکس کے نئے کیسز کی بروقت نشاندہی، متاثرہ افراد سے رابطے میں رہنے والوں کی نگرانی اور طبی مراکز میں انفیکشن سے بچاؤ کے اقدامات بیماری کے پھیلاؤ کو محدود کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

کراچی میں کم عمر بچے کی ہلاکت اور سندھ میں رپورٹ ہونے والے نئے کیسز کے بعد صورتِ حال پر نظر رکھنا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد میں منکی پاکس کے مزید 2 مشتبہ کیسز سامنے آگئے

ماہرین صحت کہتے ہیں کہ شہریوں کے لیے بھی بہتر یہی ہے کہ غیر ضروری خوف کے بجائے درست معلومات حاصل کریں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں اور مشتبہ علامات کی صورت میں طبی مشورہ لیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp