ایبٹ آباد کے قریب ہزارہ موٹروے پر مسافر بس اور ڈمپر ٹرک کے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔ حادثہ جمعے کی صبح حویلیاں انٹرچینج کے قریب پیش آیا، جہاں گلگت سے راولپنڈی جانے والی بس ڈمپر سے ٹکرا گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ بس کا ٹائر پھٹنے کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور بس ڈمپر سے جا ٹکرائی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ایبٹ آباد نے 7 ایمبولینسز اور ایک ریسکیو گاڑی جائے وقوع پر روانہ کی۔ ضلعی ایمرجنسی افسر حفیظ الرحمٰن کی نگرانی میں امدادی کارروائیاں مکمل کی گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتالوں منتقل کیا۔
حویلیاں ایبٹ آباد کے قریب ہنزہ سے راولپنڈی جانے والی بس اور ٹرالر میں خوفناک تصادم
سات افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے
حادثے میں جاں بحق افراد کی میتیں اور تمام زخمیوں کو ایوب میڈیکل کمپلیکس اور بے نظیر ہسپتال منتقل کر دیا گیا pic.twitter.com/hJhNAxoWt0— Muhammad Faheem (@MeFaheem) November 6, 2026
حادثے میں جاں بحق ہونے والے 8 افراد کا تعلق مبینہ طور پر گلگت سے تھا۔ ایک لاش حویلیاں کے ٹائپ ڈی اسپتال، 4 ایوب میڈیکل کمپلیکس اور 3 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ایبٹ آباد منتقل کی گئیں۔
تمام 30 زخمیوں کو ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، جن میں 5 بچے اور 6 خواتین بھی شامل ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تبلیغی جماعت کی بس کو حادثہ، 5 افراد جاں بحق، 27 سے زائد زخمی
واضح رہے کہ ایک روز قبل پنجاب کے ضلع پاکپتن میں مسافر بس اور ٹریلر کے تصادم میں 11 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوگئے تھے، جبکہ گزشتہ ہفتے حافظ آباد میں مسافر بس نالے میں گرنے سے 5 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوئے تھے۔











