حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 26.2 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 17.34 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔
جمعہ کو نگراں وفاقی حکومت کی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 26 روپے 2 پیسے اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 331 روپے 38 پیسے ہو گئی ہے جب کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 17 روپے 34 پیسے اضافے کے ساتھ اب نئی قیمت 329 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق جمعہ کی رات 12 بجے کے بعد سے ہو گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی نگراں حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد تیسری مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کر دیا ہے۔ اس سے قبل یکم ستمبر کو وفاقی وزارت خزانہ نے پیٹرول کی قیمت میں 14روپے 91 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے 44 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا تھا۔
نگراں وزیراعظم انور الحق کاکڑ کی طرف سے منظوری کے بعد جمعہ کو رات گئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔